• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدنان صدیقی پاکستان اور ترکی کا معاہدے ہونے پر خوش

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے پاکستان اور ترکی کے پروڈکشن ہاؤسز کے درمیان مشترکہ طور پر معروف مسلمان شخصیت صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ٹی وی سیریز بنانے کے لیے معاہدہ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

عدنان صدیقی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دونوں دوست ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹریز کے مل کر ساتھ کام کرنے کے اس معاہدے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہم اس دوستی کے ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہیں جو کہ ہمیں امید ہے کہ شاندار خیالات اور صلاحیتوں کے تبادلے کا باعث بنے گاـ‘


انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ہماری انڈسٹریز اور ہمارے سامعین کی جیت ہے جنہیں آنے والے کچھ اچھے مواد کا انتظار کرنا چاہیے۔‘

اداکار نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ ’پاکستان اور ترکی کے پروڈکشن ہاؤسز عظیم جنگجو بادشاہ، صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ایک شاندار ٹی وی سیریز بنانے جارہے ہیں۔‘

عدنان صدیقی نے لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’برائے مہربانی ہماری خوشی میں شریک ہوں۔‘

خیال رہے کہ پاکستان نے اپنے دوست ملک ترکی کے ساتھ مل کر معروف مسلمان شخصیت صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈرامہ سیریز بنانے کا اعلان کیا ہے اور اسی ضمن میں دونوں ممالک کے پروڈکشن ہاؤسز مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈرامہ سیریز بنانے کے لیے پاکستانی ادارے انصاری اینڈ شاہ فلمز اور ترک پروڈکشن ہاؤس اکلی فلمز کے درمیان معاہدہ طے پایا گیا ہے جس پر دستخط ترکی میں ہی کیے گئے۔

تازہ ترین