• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، افغان تخریبی گٹھ جوڑ ختم، انڈیا نے پاکستان کیخلاف افغانستان میں سرمایہ کاری کی، افغانوں کے ذہن میں ہمارے خلاف زہر بھرا، فوجی ترجمان

انڈیا نے پاکستان کیخلاف افغانستان میں سرمایہ کاری کی، فوجی ترجمان


راولپنڈی(ایجنسیاں)پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ اشرف غنی کی حکومت کا خاتمہ سب کی امیدوں کے برعکس تھا‘ افغانستان میں عسکری صورتحال بہت تیزی سے تبدیل ہوئی تاہم پاکستان کی طرف افغان سرحد پر حالات مکمل قابو میں ہیں۔

افغانستان میں فی الحال خانہ جنگی کا امکان نہیں ہے‘طالبان کی جانب سے افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے‘ہمیں ان کی باتوں پر یقین کرنا ہوگا ‘توقع ہے طالبان اپنے وعدوں پر عمل کریں گے‘ اگر کالعدم ٹی ٹی پی نے کچھ کرنے کی کوشش کی تو پاک فوج نمٹنے کیلئے بالکل تیار ہے۔

بھارت کا کردار ہمیشہ منفی رہا ہے جس نے افغانستان میں سرمایہ کاری صرف پاکستان کو نقصان پہنچانے کی نیت سے کی‘اسے افغان عوام سے کوئی لگاؤ نہیں ہے‘ انڈیا نے افغان قیادت‘ فوج اور انٹیلی جنس کے ذہنوں کوہمارے خلاف زہر آلود کیا‘ پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے این ڈی ایس نے را کی مدد کی۔ 

داسو، لاہور اورکوئٹہ کے واقعات این ڈی ایس اور را کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے ہوئے‘اب بھارت کا اثر خطے اور افغانستان سے ختم ہوگا‘ہم نے افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل کا انتظارکرنا ہے‘حکومت بننے پر حکومت کی سطح پر رابطہ ہوگا‘ افغانستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی امیدہے۔

پاکستان نے افغانستان کو سرحد پر سکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون کے علاوہ فوجیوں کی تربیت کی کئی بار پیشکش کی تاہم صرف چھ کیڈٹس یہاں آئے جبکہ ہزاروں سپاہی بھارت میں ٹریننگ کے لیے گئے اور بھارتی افواج کی کئی تربیتی ٹیمیں افواج کی تربیت کے لیے افغانستان میں بھی گئیں‘ افغان فوج کہاں گئی فی الحال کچھ پتہ نہیں ‘ آئین پاکستان عوام کی امنگوں کامظہر ہے‘ وہی پاکستان کاسسٹم تھااوررہے گا۔ 

جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی اندازہ نہیں تھاکہ افغانستان میں اتنی تیزی سے حالات بدلیں گے، افغان سرحد پر عدم استحکام کی صورتحال کے پیش نظر فوجی دستے تعینات کئے گئے‘سرحد پر قانونی دستاویزات کے ساتھ ہمدردی کی بنیاد پر نقل و حمل کی اجازت ہے۔پاک افغان سرحدپر باڑ لگانے کا 90 فیصد کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ پاک ایران سرحد پرباڑ لگانے کا کام بھی 50فیصد مکمل ہوچکاہے۔ 

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 78 راہداریاں ہیں جن میں سے 17 سرکاری نوعیت کی ہیں، 5 راہداریوں سے تجارت ہو رہی ہے جبکہ 73 بند ہیں ۔پاکستان ہی افغانستان سے انخلا کے عمل کا سب سے اہم حصہ ہے اور اب تک 5500 غیر ملکیوں کو پاکستان کے ذریعے افغانستان سے نکالا جا چکا ہے۔

پنج شیر میں جنم لینے والی صورتحال کے حوالے سے سوال پر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی کا ہمیشہ سے خطرہ رہا ہے تاہم اس وقت صورت حال تیزی سے تبدیل ہو رہی اور کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا تاہم فی الحال خانہ جنگی کا امکان نہیں ہے۔کوئی پناہ گزین پاکستان نہیں آ رہے، سرحد پر افراتفری کی صورتحال نہیں ہے اور ہر آنے جانے والا متعلقہ دستاویزات کے ساتھ آ رہا ہے۔ 

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افغانستان میں بھارت کا منفی کردار رہا ہے، امید ہے افغانستان سے اسکا اثر ختم ہو جائے گا، این ڈی ایس اور را پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی کرتی رہی ہیں۔ سی پیک سے متعلق منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں پر ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی بھی افغانستان میں ہوئی تھی۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے اعلان کیا کہ 6 ستمبر کو یوم دفاع اور شہداء پوری قوم کے ساتھ مل کر منایا جائے گا، یوم دفاع اور شہداء ’’وطن کی مٹی گواہ رہنا‘‘ کے ٹیگ کے ساتھ منایا جائے گا۔ 

تازہ ترین