رہنما جے یو آئی (ف) مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کے کراچی میں آج ہونے والے جلسے کا مقصد ملک کے مسائل اُجاگر کرنا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر، آئی ایم ایف کے حوالے ہیں۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کراچی میں انکروچمنٹ کے نام پر لوگوں کے گھر توڑے گئے۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کے کراچی میں آج مزارِ قائد کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
جلسے کی سیکیورٹی کا انتظام جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رضاکاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے جس کے لیے 10 ہزار رضا کار تیار ہیں جو جلسہ گاہ کے اندرونی اور داخلی راستوں پر مامور کیے گئے ہیں۔
جلسہ گاہ میں بڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جہاں کم از کم 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، پنڈال اور اسٹیج کو مختلف سیاسی پارٹی کے جھنڈوں سے سجایا گیا ہے۔