• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی اور بشریٰ بی بی نے 190ملین پاؤنڈ فیصلے کیخلاف اپیل کے وکالت نامے پر دستخط کردیے


بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل کے وکالت نامے پر دستخط کردیے۔

وکالت نامے پر اڈیالا جیل میں کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں دستخط کروائے گئے، بیرسٹر سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ اور خالد یوسف چوہدری بانی پی ٹی آئی کے وکیل ہوں گے۔

خالد یوسف چوہدری کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل آئندہ ایک دو دن میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 جبکہ انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانہ ادائیگی کا حکم بھی دیا۔ جرمانہ کی عدم ادائیگی پر بانی پی ٹی آئی کو مزید 6 ماہ جبکہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ زائد قید کاٹنا ہوگی۔

عدالت نے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کو بھی حکومتی تحویل میں لینے کا حکم دیا۔ فیصلے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ریفرنس میں الزام ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کرپشن کی رقم نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے جرمانے میں ایڈجسٹ کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا اور اپنے اثر و رسوخ سے حقائق چھپا کر خفیہ معاہدے کو وفاقی کابینہ سے منظور کروایا۔

سابق مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر نے 6 دسمبر 2019 کو نیشنل کرائم ایجنسی کی رازداری ڈیڈ پر دستخط کیے۔ بشریٰ بی بی پر بانی پی ٹی آئی کی غیر قانونی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔

قومی خبریں سے مزید