• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی قید سے رہا فلسطینی خاتون اہلخانہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئیں


اسرائیل کی قید سے رہائی پانے والی فلسطینی خاتون زینہ بربر کے گھر پہنچنے کے بعد رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیل کی عوفر جیل سے رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی پہلی کھیپ مغربی کنارے پہنچی، جس میں 90 قیدی شامل تھے۔

فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق، رہا ہونے والے قیدیوں میں زینہ بربر پہلی خاتون تھیں جو اپنے گھر پہنچیں۔

زینہ بربر کے گھر پہنچنے کے بعد رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، فلسطینی خاتون کی رہائی کے بعد ان کی والدہ اور گھر کے دیگر افراد نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر اہلخانہ کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بھی چھلک پڑے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز حماس کی جانب سے تین یرغمالی خواتین کی رہائی کے چند گھنٹے بعد اسرائیلی جیل سے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق فلسطینی قیدیوں کو ہلال احمر کی ٹیم نے اسرائیل کی عوفر جیل سے مغربی کنارے تک پہنچایا۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد جاری ہے، حماس کا کہنا ہے کہ قیدیوں کا اگلا تبادلہ اگلے ہفتے 25 جنوری کو ہوگا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق قیدیوں کے تبادلے میں غزہ سے 4 یرغمالی رہا ہوں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید