اداکارہ دردانہ بٹ نہایت بہادر خاتون تھیں، ان کے ساتھ پرانا تعلق تھا، نائلہ جعفری کی بیماری کے دنوں میں ان کے ساتھ رہے، دونوں اداکارائیں تھیٹر کی پختہ فنکارہ تھیں، یہ ایسے فنکار ہیں جو دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام دردانہ بٹ اور نائلہ جعفری کی یاد میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کووڈ میں ہمارے تخلیقی لوگ ہم سے بچھڑ گئے، میری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ آرٹس کونسل فنکار برادری کے لیے کنبے کی طرح ہو، جہاں ہم سب ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹ سکیں۔
نائلہ جعفری کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل نے کہا کہ نائلہ جعفری حساس دل کی مالک خاتون تھیں۔ انہوں نے زلزلے سے متاثرہ بچوں کا بہت خیال رکھا، نائلہ کی بیماری کے دنوں میں ہم ان کے ساتھ رہے۔
تعزیتی ریفرنس کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ہما میر نے ادا کیے، اس موقع پر دردانہ بٹ اور نائلہ جعفری کے مختلف ڈراموں کے کلپس پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
تعزیتی ریفرنس میں اراکین گورننگ باڈی آرٹس کونسل، جوائنٹ سیکریٹری اسجد بخاری، نائب صدر منور سعید سمیت شوبز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نائلہ جعفری اور دردانہ بٹ کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اداکار خالد انعم نے کہا کہ دونوں انسان دوست شخصیات تھیں۔ اداکاری میں دونوں نے اپنی الگ الگ پہچان بنائی۔
اداکار عادل واڈیا نے کہا کہ نائلہ کے ساتھ چھوٹی بہنوں والا رشتہ تھا، میں ان دونوں سے بہت محبت کرتا تھا۔
سینئر پروڈیوسر پی ٹی وی امجد شاہ نے کہا کہ احمد شاہ کا شکریہ جو جانے والوں کی یادیں تازہ کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔ نائلہ جعفری کے فن کے بارے میں بات کرتے ہوئے گھبراہٹ ہورہی ہے، دردانہ بٹ کا تصور آتے ہی ممتا جیسا پیار آتا ہے۔ ان میں زندگی کی بھرپور رمق تھی۔
مرحومہ دردانہ بٹ کی بھانجی ملیحہ نے کہا کہ میری خالہ کے لیے اس تقریب کا انعقاد کیا گیا آرٹس کونسل کی شکرگزار ہوں۔ دردانہ بٹ میرے لیے ٹھنڈی چھاؤں کی طرح تھیں۔
ہدایتکار اقبال لطیف نے کہا کہ دردانہ بٹ میری دودی آپا تھیں، میری بیٹی آج جو کچھ بھی ہے اُس کا کریڈٹ دردانہ بٹ کو جاتا ہے۔
تھیٹر اداکارہ کلثوم آفتاب نے کہا کہ دردانہ آپا کی پروقار شخصیت تھی وہ لوگوں کو اپنا بنانا جانتی تھیں۔ نائلہ جعفری اپنے ہر کردار کو اچھی طرح سمجھتی تھیں، وہ بہترین اداکارہ تھیں۔
سعادت جعفری نے کہا کہ دردانہ بٹ خوش مزاج اور محبت کرنے والی خاتون تھیں۔
دردانہ بٹ اور نائلہ جعفری کی یادیں تازہ کرتے ہوئے عمران شیروانی، میک اپ آرٹسٹ کمال الدین، سینئر اداکار منور سعید، عرفان اللہ خان، مختار لغاری، مصباح خالد، ظہیر خان، شہریار زیدی اور رضوان صدیقی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔