نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی گرینڈ اوپننگ کل ہو گی، اس موقع پر گلوکار علی ظفر شائقینِ کرکٹ کے لیے پرفارمنس پیش کرنے کے لیے پُر جوش ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی گرینڈ اوپننگ کے انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق افتتاحی تقریب میں کراچی کے تمام ٹیسٹ کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں شاہد آفریدی اور یونس خان کے نام سے انکلوژر منسوب کیے جا رہے ہیں۔
قبل ازیں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گلوکار علی ظفر نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزا آ گیا لاہور، اب اگلا اسٹاپ 11 تاریخ کو کراچی اسٹیڈیم ہو گا ان شاء اللّٰہ، کراچی تیار ہو؟
واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی افتتاحی تقریب میں شائقین شناختی کارڈ دکھا کر مفت داخل ہو سکیں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم کی اوپننگ میں علی ظفر کے علاوہ معروف گلوکار شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا بھی پرفارم کریں گے، اس موقع پر آتش بازی اور لائٹ شو کا مظاہرہ بھی ہو گا۔