• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری، شکر گڑھ میں بہہ جانے والی لڑکی کی تلاش


ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، سرگودھا، گجرات اور حافظ آباد میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ 

شکر گڑھ میں گزشتہ روز سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی لڑکی کو آج بھی تلاش نہیں کیا جا سکا۔

ادھر حیدر آباد میں گذشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد بجلی اب تک مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی۔

شکر گڑھ کے سرحدی گاؤں سکمال میں گذشتہ روز سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی طالبہ کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن آج بھی جاری رہا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بارش اور نالہ بئیں میں پانی کی آمد میں اضافے سے سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

گجرا ت، وہاڑی، چیچہ وطنی، حافظ آباد، منڈی بہاالدین سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

سرگودھا کے گاؤں 95 شمالی اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث لوگ گھروں تک محدود ہوگئے۔

ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو الہ یار، نوکوٹ، بدین، ٹنڈو محمدخان سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ میرپورخاص میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔

بلوچستان کےبالائی و مشرقی علاقوں کوہ سلیمان، راڑہ ہاشم، کوہلو، بارکھان سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ رابطہ سڑکیں اور قومی شاہراہوں پر آمدورفت متاثر ہے۔

امدادی کارروائیوں کے بعد کوہلو کا کوئٹہ سے زمینی رابطہ عارضی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین