آرٹسٹس پروموٹر ریحان صدیقی نے کانگریس وومن شیلا جیکسن کو خط لکھتے ہوئے لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کے جلد ویزا جاری کرنے کی اپیل کردی۔
ریحان صدیقی نے کانگریس وومن شیلا جیکسن کو عمر شریف کے امریکا میں علاج کے لیے طبی بنیادوں پر جلد ویزا جاری کرنے کے لیے خط لکھا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر شہاب نے بھی لیجنڈ عمر شریف کو علاج کے لیے فوری امریکا بھیجنے کی ایڈوائس کی ہے۔
واضح رہے کہ عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر کا کہنا ہے کہ عُمر شریف کے لیے ایک ایک منٹ قیمتی ہے۔
زرین عُمر شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمر شریف کو امریکا میں علاج کے لیے بذریعہ طیارہ ہی لے جایا جاسکتا ہے، وزیراعظم آفس سے کہا گیا کہ ویزے کے لیے کوشش کی جارہی ہے، امید ہے ویزا جلد جاری ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے دل کی تکلیف کے ساتھ دیگر تکالیف میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی یادداشت بھی خراب ہو گئی ہے، گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ان کی تشویشناک حالت کے حوالے سے بھی خبریں گردش کر رہی تھیں۔