• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زوہیب حسن کا مقصد مجھے بلیک میل کرنا تھا، مرزا اشتیاق بیگ


گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر مرزا اشتیاق بیگ کا کہنا ہے کہ زوہیب حسن کا مقصد مجھے بلیک میل کرنا تھا، میرے وکیل نے آج تمام دستاویزات عدالت میں پیش کی ہیں۔

مرزا اشتیاق بیگ نے عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نازیہ حسن میری اہلیہ تھیں اور کینسر سے ان کی موت ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت نے زوہیب حسن کو بیانات دینے سے روک دیا ہے۔

اس سے قبل آج معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن کے خلاف مرزا اشتیاق بیگ کے 1 ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔

عدالت نے دورانِ سماعت زوہیب حسن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اکتوبر تک تفصیلی جواب دینے کی ہدایت کر دی اور انہیں اشتیاق بیگ کے خلاف کسی قسم کا بیان نہ دینے کی بھی ہدایت کر دی۔

مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے دائر دعوے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ زوہیب حسن نے 12 اگست 2021ء کو نجی ٹی وی کو دیئےگئے انٹرویو میں من گھڑت اور جھوٹے الزامات عائد کیئے، زوہیب نے اپنے انٹرویو میں نازیہ حسن کی موت کو غیر فطری قرار دیا، وہ توہین آمیز اور حقائق کے برعکس باتیں کر رہے ہیں۔

دائر دعوے میں مزید کہا گیا ہے کہ زوہیب حسن کو مرزا اشتیاق بیگ کے خلاف بیان بازی سے روکا جائے، زوہیب حسن اپنا بیان واپس لے کر معافی مانگیں۔

دعوے میں استدعا کی کی گئی ہے کہ زوہیب حسن سے 1 ارب روپے ہرجانہ بھی دلوایا جائے۔

تازہ ترین