• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید اقبال کی توسیع سمیت نئے چیئرمین نیب کا آپشن بھی ہے، فروغ نسیم

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیرقانون بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بطور چیئرمین نیب ایمانداری سے کام کیا ہے، ان کی دیانتداری پر کوئی سوال نہیں اٹھاسکتا، حکومتی حلقوں میں جسٹس (ر) جاوید اقبال کی مدت میں توسیع سے متعلق بات چیت جاری ہے، چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا، جاوید اقبال کی مدت میں توسیع سمیت نئے چیئرمین نیب کے تقرر کا بھی آپشن موجود ہے، نیب قانون میں ایسی اصلاحات کی ضرورت ہے جس سے نیب کے دانت ختم نہ ہوں لیکن اس کا غلط استعمال بند ہوجائے۔جسٹس (ر) جاوید اقبال اپنی اچھی کارکردگی کی وجہ سے چیئرمین نیب رہنے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں، چیئرمین نیب کے حوالے سے آئندہ چند روز میں فیصلہ ہوجائے گا۔ فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ آئینی شق 6بی ون کے تحت چیئرمین نیب پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں بھرپور مشاورت ہونی چاہئے ، چیئرمین نیب کے تقرر یا توسیع پر مشاورت ضرور ہوگی، قانون میں لفظ مشاورت استعمال ہوا ہے مشاورت کا مطلب اتفاق رائے نہیں ہے، قانون میں ترمیم آرڈیننس کے ذریعہ بھی ہوسکتی ہے، جسٹس اصغر حیدر اب تک نیب کے بہترین پراسیکیوٹر جنرل ہیں، اصغر حیدر مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہتے تھے انہیں زبردستی روکنا پڑا، آرٹیکل 264کہتا ہے کہ آرڈیننس کے تحت کسی شخص کی تقرری ہوجائے تو وہ آرڈیننس ختم ہونے کے ساتھ ختم نہیں ہوتا، چیئرمین نیب ہو یا پراسیکیوٹر جنرل کا معاملہ آرڈیننس تو ہے مگر ایکٹ آف پارلیمنٹ ضرور آئے گا۔

تازہ ترین