اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کیخلاف دہری شہریت کیس کی سماعت (آج) بدھ کو الیکشن کمیشن کا دو رکنی بنچ کریگا۔ فیصل واوڈا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوچکے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے کہ اگر انہوں نے انتخابات میں دہری شہریت چھپائی ہے تو الیکشن کمیشن ان کیخلاف کارروائی کا مجاز ہے۔الیکشن کمیشن نے سماعت کیلئے فیصل واوڈا اور درخواست گزار کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔فیصل واوڈا کے مخالف امیدوار نے درخواست دے رکھی ہے کہ فیصل واوڈا نے 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی دہری شہریت چھپائی۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے نثار احمد درانی اور شاہ محمود جتوئی پر مشتمل دو رکنی بینچ تشکیل دیا ہے۔ جو فیصل واوڈا کے مخالف امیدوار عبدالقادر مندوخیل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کریگا۔