• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، پی ایم ڈی اے بل کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

کراچی ( اسٹاف رپورٹر، ٹی وی رپورٹ) سندھ اسمبلی ، ایوان نے میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانے سے متعلق وفاقی حکومت کی جانب سے لائے جانے والے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اٹھارٹی ( پی ایم ڈی اے ) بل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔وفاق میں حکومت کے اتحادی جی ڈی اے اور ایم کیو ایم نے بھی قرارداد کی حمایت کی۔وزیر اطلاعات سعید غنی نے میڈیا پر پابندیوں سے متعلق قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی کا ایوان وفاقی حکومت کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔وفاقی حکومت کی جانب سے جو بل لایا جارہا ہے اس کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جب سے برسراقتدارآئی ہے اس نے مختلف اقدامات کے ذریعے میڈیا کی آزادی سلب کرنے کی کوشش کی ہے ۔یہ بڑی تشویش ناک صورتحال ہے کہ جو ادارے جو آئین کے تحت آزادی سے کام کررہے ہیںان پر قدغن لگائی جائے چاہے وہ عدلیہ ہو یا پھر میڈیا ہو۔سعید غنی نے کہا کہ ان تمام اداروں کے خلاف سازش کی جارہی ہے ۔اعلیٰ عدلیہ کے خلاف بھی سازش ہوئی ،صحافیوں کو اغوا کیا جاتا ہے۔ان کو نوکریوں سے نکالا گیا ہے۔کئی ٹی وی اینکر کو نکلوایا گیا ہے۔ پارلیمنٹ میںکبھی پریس گیلری کو تالے نہیں لگے۔صدر کے خطاب کے دوران پریس گیلری کو تالے لگا کر نئی سیاہ تاریخ رقم کی گئی ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں نے اس بل کی مخالفت کی ہے۔سعید غنی نے کہا کہ یہ تاریخی کارنامے آنے والے انتخابات میں دھاندلی کا ماحول بنانے کے لئے انجام دئے جارہے ہیںجو یہ چاہتے ہیں کہ الیکٹرونک ووٹنگ میشن ہو۔اس موقع پر قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے وفاقی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی ایسا کام نہیں کررہے ہیںجس سے میڈیا کی آزادی پر قدغن لگے۔بعدازاں ایوان نےقرارداد کومنظور کرلیا، اراکین اسمبلی میں پارلیمنٹ کی پریس گیلری بند کرنے کی بھی مذمت کی۔ بعدازں اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔قبل ازیںسندھ اسمبلی نے جمعہ کو اپنے اجلاس میں عظیم حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ۔

تازہ ترین