• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کے نرخوں میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، اکرام اللّٰہ دھاریجو

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گیس کی قیمتوں میں 37 فیصد اضافے اور بجلی نرخوں پر صدراتی آرڈیننس پر صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت و امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے اس عمل کو عوام دشمنی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گیس کی قیمتوں میں 37 فیصد اضافے سے صارفین کی چیخیں نکل جائیں گی اور مہنگائی کا طوفان برپا ہو جائے گا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اس قدر اضافے سے معیشت پر برے اثرات مرتب ہوں گے جبکہ بجلی کے نرخوں سے متعلق صدارتی آرڈیننس عوام پر مہنگائی بم گرانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم یہ دعویٰ کرنے والے نے عوام کو بیروزگار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ذرائع کے مطابق بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

تازہ ترین