• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کی فوج سے زیادہ فورس انکی ٹیم سیکورٹی پر لگائی، وزیر داخلہ

نیوزی لینڈ کی فوج سے زیادہ فورس انکی ٹیم سیکورٹی پر لگائی، وزیر داخلہ


لاہور(جنگ نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ملنے والے مبینہ تھریٹ الرٹ سے متعلق سوالات اٹھاتے ہوئے کہاکہ تھریٹ الرٹ دینےوالے اس وقت کہاں تھے جب ماہرین یہاں دورے پر تھے، نیوزی لینڈ کی فوج سے زیادہ فورس انکی ٹیم سیکورٹی پر لگائی۔لاہور میں پریس کانفرس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تھریٹ الرٹ کا بتانے والے 5ملک اس وقت کہاں تھے جب سکیورٹی ماہرین پاکستان کا دورہ کررہے تھے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 4دن سے راولپنڈی میں پریکٹس کررہی تھی تب کوئی مسئلہ نہیں تھا۔شیخ رشید نے نیوزی لینڈ ٹیم کی جانب سے سکیورٹی کو جواز بناکر سیریز ملتوی کیے جانے اعلان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاس اتنی فورسز نہیں ہیں جتنی انہیں سکیورٹی دی تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ بھارت میں کورونا کی تباہی کی وجہ سے کوئی کرکٹ نہیں ہورہی، ایک پھلجھڑی پر بھی کہہ دیا جاتا ہے کہ اسلامی انتہا پسندی ہے،ہم سے جو سلوک کیا جارہاہے وہ ٹھیک نہیں، ہماری قربانیوں کا احترام کیا جائے، ساری دنیا میں ہماری ایجنسیاں مضبوط ترین اور اسمارٹ ایجنسیاں ہیں۔نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، ایسے کاموں میں ایسا ہوتا ہے ،قوم کو افسوس ضرور ہے لیکن ایک دن آئے گا کہ ساری ٹیمیں کھیلنے آئیں گی۔

تازہ ترین