• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخصوص مدت میں حلف اٹھانے کی پابندی کا آرڈیننس چیلنج، آئین میں نااہلی کی گنجائش نہیں، لاہور ہائیکورٹ

لاہور(نمائندہ جنگ) بر وقت حلف نہ اٹھانے پر منتخب اراکین کی نشست خالی تصور کرنے کا قانون لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، عدالت نے وفاق اور الیکشن کمیشن و دیگر سے جواب طلب کرلیا ،جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کہ آئین میں مخصوص مدت میں حلف نہ اٹھانے والے اراکین اسمبلی کی نا اہلی کی کوئی گنجائش نہیں، پارلیمنٹ اور اسمبلیاں ہونے کے باوجود بلاجواز آرڈینس پر آرڈیننس جاری کرنے کا بھی کوئی جواز نہیں ہے،عدالت کے روبرو فریدعادل نے الیکشن آرڈیننس 2021 میں تیسری ترمیم کیخلاف آئینی درخواست دائر کی،درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن آرڈیننس میں ترمیم کے ذریعے 72 اے کے ذریعے منتخب رکن اسمبلی کو 60 روز میں حلف لینے کا پابندبنایا گیا ہے، آئین میں رکن اسمبلی کے حلف اٹھانے کا وقت مقرر کرنے کا کوئی اختیار نہیں دیا گیا، جسٹس جواد حسن نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا انتہائی اہمیت کا معاملہ ہے، فریقین کو بلوا کر سننا ضروری ہے، آپ جو کچھ کہہ رہے ہیں، عدالت آپ کے ساتھ ہے۔

تازہ ترین