• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کا جشن کیسے منایا جائے گا؟

برطانیہ کا 2022ء کا رائل ونڈسر ہارس شو ملکہ الزبتھ دوئم کی پلاٹینم جوبلی کے جشن کی تقریبات میں پیش کیا جائے گا، جس میں سیکڑوں گھوڑے اور ہزاروں فنکار شامل ہوں گے جو کہ ملکہ کے 70سالہ طویل ترین دور کے مکمل ہونے پر جشن منائیں گے۔

بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق  12سے 15 مئی تک جاری رہنے والا پلاٹینم جوبلی کا جشن 90 منٹ کی فوجی پریڈ، موسیقی اور گھوڑوں سے محبت کرنے والی ملکہ برطانیہ کے سامنے گھڑ سواری کے شاندار براہ راست نشریاتی  شو کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

سائمن بروکس وارڈ جو کہ ملکہ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریب کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں، انہوں نے بکنگھم پیلس میں منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانیہ میں ہونے والی اس شاندار تقریب کے بارے میں بتایا کہ’ہم نا صرف ملکہ اور ان کے 70 سالہ طویل اقتدار کی کہانی بلکہ ملکہ الزبتھ سے لے کراب تک کی پوری تاریخ بتانے جارہے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کے جشن کی تقریبات میں 10 سے زائد ممالک بھی شامل ہوں گے، جن ممالک کے اپنے 70 سالہ دورۂ اقتدار میں ملکہ برطانیہ نے سرکاری دورے کیے ۔‘

سائمن بروکس وارڈ نے مزید بتایا کہ ’اس جشن میں اداکار، فنکار، 500 گھوڑے، اور ایک ہزار سے زائد مزید افراد شامل ہوں گے جو کہ رقص، موسیقی اور دیگر تقریبات میں حصّہ لیں گے۔‘

خیال رہے کہ ملکہ الزبیتھ دوئم کا 70 سالہ دورِ تاج برطانیہ کی تاریخ کا سب سے طویل ترین اقتدار کا دور ہے جس کا آغاز 6 فروری 1952ء کو ملکہ کے والد برطانوی بادشاہ جارج ششم کی وفات کے بعد ہوا تھا۔

تازہ ترین