• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغوا کا الزام، طالبان نے ہرات میں 4 افراد کی لاشیں چوک پر لٹکادیں

کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان کے شہر ہرات میں طالبان نے مقابلے میں مارے گئے 4 اغوا کاروں کی لاشیں چوک پر لٹکا دیں۔ چاروں افراد کی لاشیں کرینوں کے ذریعے مختلف چوراہوں پر لٹکائی گئیں۔ 

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ اغوا کاروں نے تاجر اور اس کے بیٹے کو اغوا کیا تھا جبکہ فورسز سے مقابلے میں چاروں اغوا کار مارے گئے۔ 

حکام نے بتایا کہ مقابلے میں تاجر اور اس کے بیٹے کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے۔ صوبہ ہرات کے ڈپٹی گورنر مولوی شیر احمد مہاجر کے مطابق مختلف عوامی علاقوں میں ایک ہی دن لاشیں آویزاں کرنے کا مقصد سب کو ʼʼسبق‘‘ سکھانا ہے کہ اغوا کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 

 افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق اغوا کاروں نے تاجر اور اس کے بیٹے کو ہرات کے پی ڈی 12 کے علاقے سے پیٹرول پمپ کے باہر سے اغوا کیا تھا۔

تازہ ترین