پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کی فرنچائزز کو نئے فنانشل ماڈل کی پیشکش کی ہے، چیئرمین رمیز راجا نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ فرنچائزز پی ایس ایل کے برانڈ کو مستحکم کرنے کے لیے اس پیشکش کو قبول کریں گی۔
پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی زیر صدارت نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوا۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر پی سی بی نے چھ فرنچائزز کی معاونت کرنے کے لیے انہیں پی ایس ایل 5 اور 6 کے لیے کوویڈ 19 ریلیف، پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن سے بیسویں ایڈیشن تک سینٹرل پول آف ریونیو میں ان کے شیئرز میں اضافے اور ڈالر کا ریٹ مقرر کرنے کی پیشکش کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے قانونی اور کنٹریکٹ کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے فرنچائزز کو ایک نئے فنانشل ماڈل کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد صرف فرنچائز ز کے خدشات دور کرکے ان کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔
پی سی بی کو امید ہے کہ فرنچائزز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے برانڈ کو مستحکم کرنے کے لیے اس پیشکش کو قبول کریں گی۔