• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیر اعلیٰ غوث علی شاہ سمیت اہم سیاسی رہنما PTI میں شامل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) وزیراعظم کا دورہ کراچی ،سابق وزیر اعلیٰ غوث علی شاہ سمیت اہم سیاسی رہنما PTI میں شامل،وزیراعظم سے گورنر ہائوس میں مختلف سیاسی رہنمائوں کی ملاقاتیں، سندھ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر اعظم عمران خان کے کراچی دورے کے موقع پر کئی اہم افراد نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا، تحریک انصاف میں شامل ہونےوالوں میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ غوث علی شاہ، سابق وفاقی وزیر سید ظفر علی شاہ،سید صفدر علی شاہ اورعبدالرحیم کاتیار شامل ،ان رہنمائوں نے گورنر ہائوس میں وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، عمران خان نے رہنمائوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے پارٹی مفلر پہنائے۔ وزیر اعظم عمران خان سے ایس یو پی سربراہ جلال محمود شاہ نے بھی ملاقات کی، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی بھی وزیر اعظم عمران خان سے گورنر ہائوس میں ملاقات ہوئی ، جس میں سندھ میں پی ٹی آئی کو آنے والے الیکشن میں مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی،ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے پی ٹی آئی میں اندرون سندھ کے حوالے سے پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے عمران خان کو اندرون سندھ کے دورے سے اہم شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے بھی آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم سے سابق وفاقی وزیر لیاقت علی جتوئی، ایم این اے جے پرکاش، صداقت علی جتوئی، سید ذوالفقار شاہ، گل محمد رند، اللہ بخش اُنڑ، راجہ خان جاکھرانی، علی مغیری، اسد شاہ اور امیر بخش بھٹو نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

ملک بھر سے سے مزید