• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیئر ورکرز اور این ایچ ایس کے عملے کو بھی پیٹرول نہیں مل سکا

لندن(پی اے ) لندن کے میئر صادق خان نے کہاہے کہ بعض کیئر ورکرز ،این ایچ ایس کے عملے اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو پیٹرول اسٹیشنز سے پیٹرول نہیں مل سکا ،انھوں نے بتایا کہ لندن بس نیٹ ورک کے پاس فیول کا وافر ذخیرہ موجود ہے لیکن موجودہ دگرگوں صورت حال کے معنی یہ ہیں کہ پورے لندن میں پیٹرول اسٹیشنز پر پیٹرول کی قلت ہے انھوں نے کہا ہماری ایمرجنسی سروسز اور ہماری بسوں کے پاس پیٹرول کا وافر ذخیرہ موجود ہے،لیکن ہم نے سنا ہے کہ بعض کیئر ورکرز اوراین ایچ ایس کے عملے کو کار پر ڈیوٹی پر جانے کیلئے اور ٹیکسی ڈرائیوروں کوبھی پیٹرول نہیں مل سکاہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر پورے شہر میں کم از کم عوامی خدمت سے متعلق اداروں کے عملے کو پیٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کی ممکنہ کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد ٹرک ڈرائیوروں کی کمی ایک متوقع بات تھی لیکن کورونا کی وبا کے سبب نئے ڈرائیوروں کی تربیت متاثرہوئی اور ان سب عوامل کی وجہ سے مسئلہ پیداہوا ،ان کایہ بیان وزیراعظم کی جانب سے پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی فراہمی کیلئے فوج کی مدد طلب کرنے پر غور سے متعلق بیان کے بعد سامنے آیا ہے،بعض خبروں کے مطابق وزیر اعظم کسی بھی وقت فوج کو آئل ٹینکر چلانے کیلئے بھیجنے کا اعلان کرسکتے ہیں،وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شیپس نےپیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوج کی طلبی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے،وزیر ٹرانسپورٹ HGV ڈرائیوروں کی کمی پوری کرنے کیلئے غیرملکی ڈرائیوروں کی خدمات حاصل کرنے کی مخالفت سے تائب ہوگئے ہیں اورانھوں نے کہا ہے کہ HGV ڈرائیوروں کی کمی پوری کرنے کیلئے 3 ماہ کیلئے 5,000عارضی ویزوں کے اجرا سے اضافی ٹرک ڈرائیور آجائیں گے اور اس سے پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی فراہمی کی صورت حال میں بہتری پیداہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس سے100 سے200 تک فیول ٹینکر ڈرائیوروں کی کمی پوری ہوجائے گی،انھوں گاڑی مالکان سے کہا کہ وہ عقل سے کام لیں اور صرف ضرورت کے وقت ہی ٹینک بھروانے کی کوشش کریں۔

تازہ ترین