کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ حیدرآباد ریجن میں تیز بارش کے باعث تمام متعلقہ اداروں میں چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
حیدر آباد ریجن میں تیز بارش پر کمشنر محمد عباس بلوچ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ساحلی اضلاع ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں الرٹ جاری کردیا ہے۔
کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں کیمپس قائم کردیے گئے ہیں جبکہ ماہی گیروں کو سمندر سے واپس بلالیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں میں چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
کمشنر حیدر آباد کے مطابق صورتحال سنگین ہونے پر اسکول، کالجز کی عمارتوں کو استعمال کریں گے، جن اضلاع میں خیموں، ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر ضروری سامان چاہیے تھا، وہ دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی اور رینجرز سمیت تمام متعلقہ اداروں سے ہماری کوآرڈینیشن ہوئی ہے۔