• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنی گالہ کا گھر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیسوں سے خریدا، فرخ حبیب

وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا کا گھر بھی اپنے پیسوں سے خریدا ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک سے باہر اپنے فلیٹ نہیں بنائے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری قومی مجرم ہیں، جن کے دور میں کوئی بڑا ڈیم نہیں بنایا گیا۔

وفاقی وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ہمارا وزیراعظم جب کہیں جاتا ہے تو کمرشل فلائٹ سے جاتا ہے، یہ وہ وزیراعظم نہیں جو 250 لوگوں کو ساتھ لے کر جاتا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے لوگوں کے لیے کامیاب پروگرام شروع کر رہے ہیں، ہم گھی سستا کرنے جارہے ہیں۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان زیتون کی کاشت میں ٹاپ ٹین ممالک میں آئے گا، شوگر ملز والوں کو پابند بنایا کہ وہ کسان کے پاس خود جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر تک یہاں پر 10 لاکھ تک کا سالانہ ہیلتھ کیئر سسٹم آرہا ہے، کورونا کے دنوں میں ہم نے لاک ڈاؤن نہیں کیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو بند نہیں ہونے دیا ہم پر پریشر ڈالنے کی کوشش کی گئی، کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر مہنگائی آئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب بھارت ڈیم بنارہا تھا تو یہ لوگ باہر اپنی جائیدادیں بنارہے تھے۔

تازہ ترین