پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے قریبی لوگوں کا آف شور کمپنیوں میں نام آنا تعجب کی بات نہیں، یہ حکومت ہی آف شور ہے۔
پنڈورا پیپرز پر ردعمل دیتے ہوئے پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی جماعت اور کابینہ میں چور ہیں، اس حکومت کے کرپشن فری پاکستان اور احتساب کے نعرے کھوکھلے ہیں۔
حافظ حمداللّٰہ نے سوال کیا کہ چور وزیراعظم اپنی کابینہ کےممبران کےخلاف کیا احتساب کرے گا؟ کیا وزیراعظم اپنے لوگوں کےخلاف سپریم کورٹ میں جائیں گے؟ تمام اداروں کا سربراہ ہمارا وزیراعظم خود چور ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ اس ناجائز اور چور حکومت کا خاتمہ ہونا چاہیے، حکومت بتائے چینی چوروں اور آٹا چوروں کے خلاف کیا کیا گیا، بجٹ کے وقت چینی چوروں کو وزیراعظم نے خود این آر او دیا تھا، بدنام زمانہ کابینہ ممبران کے استعفے ابھی تک کیوں نہیں آئے؟