• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
حلیمہ عرفان
حلیمہ عرفان | 06 اکتوبر ، 2021

کیسے کیسے لیجنڈز کھو دیے ہم نے


پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے  کئی ایسے باصلاحیت اور باکمال لیجنڈز سامنے آئے ہیں جن کا نعم البدل مشکل سے ہی میسر آئے گا، یہ شخصیات اپنی ذات میں ایک پورا ادارہ تھیں۔

سوشل میڈیا پر ’پُرانے دن‘ کے نام سے اکاؤنٹ کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی باکمال شخصیات کو خوبصورت خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فن کاروں نے اپنی صلاحیتوں کا ایسا لوہا منوایا کہ انہیں کبھی نہیں بھلایا جا سکے گا، یہ شخصیات صرف ایک شخصیت نہیں تھیں، بلکہ ایک عہد کا نام تھا۔

سوشل میڈیا پر زیرگردش ویڈیو میں وحید مراد، نازیہ حسن، جمشید انصاری، طارق عزیز ، میڈم نور جہاں، جنید جمشید، عمر شریف ، حسام قاضی، عامر حاتمی، سلیم ناصر، قاضی واجد، عابد علی، معین اختر، طارق عزیز، حسینہ معین، انکل سرگم، دردانہ بٹ، کنول نصیر، اشفاق احمد، بانو قدسیہ، خالدہ ریاست، علی اعجاز، مہدی حسن، نصرت فتح علی خان جیسے فنکار شامل ہیں۔

یہ تمام وہ نام ہیں جن کی خدمات کا اعتراف آج بھی دنیا کرتی ہے، اور جن کی اداکاری، میزبانی، گلوکاری، مزاحیہ اداکاری، اسٹیج شوز، پی ٹی وی کے معروف شوز بھولے نہیں بھلائے جاسکیں گے۔

سوشل میڈیا پر وائرل نگینے لوگوں پر مشتمل اس مسحور کُن ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس پر صارفین بھی اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔

کچھ صارفین نے خواہش کا اظہار کیا کہ کاش کہ وقت پیچھے جاسکتا، تو کسی نے کہا کہ یہ لیجنڈز بہت جلدی ہی دنیا چھوڑ گئے ، خصوصاً معین اختر۔

ایک صارف نے لکھا کہ ہم ایسے لیجنڈز پر مشتمل ویڈیو شاید پھر دوبارہ نہ بناسکیں، صارفین اپنے بچپن ، پی ٹی وی ، ہیروز کو یکجا دیکھ کر جہاں خوش ہورہے ہیں وہیں ان کی دنیا سے رخصت ہونے کا خیال انہیں افسردہ کررہا ہے۔

انہی میں ایک صارف نے خود کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم وہ خوش قسمت نسل ہیں جنہوں نے ان سب کو جیا ہے۔