کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پیر کوایل سی سی اے گراؤنڈ میں نیٹ سیشن کیا۔ کھلاڑیوں نے ہائی اور لو کیچنگ پریکٹس کے علاوہ گراؤنڈ فیلڈنگ کی مشقیں بھی کیں۔ کھلاڑی منگل کو بھی اپنی ٹریننگ جاری رکھیں گے۔کھلاڑیوں نے ابتدائی وارم اپ کے بعد گراؤنڈ کے چکر بھی لگائے اور پھر 40 منٹ طویل فیلڈنگ سیشن ہوا، جس میں کھلاڑیوں نے مختلف گروپس بناکر حصہ لیا۔سینئر کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دیے۔فیلڈنگ سیشن کے بعد بیٹنگ آرڈر کے مطابق ٹیم بیٹرز نے جم کر پریکٹس کی، بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر نے بولرز کے ساتھ انفرادی طور پر کام کیا۔ورلڈ کپ کے لئے قومی اسکواڈ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات جائے گا۔