• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان حکومت پر پابندیوں سے مہاجرین کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے، طالبان

ماسکو (جنگ نیوز )طالبان نے خبردار کیا ہے کہ افغان حکومت پر پابندیوں سے مہاجرین کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے،دوسری جانب روس کی قیادت میں سکیورٹی بلاک افغان سرحد کے قریب فوجی مشقیں کرے گا۔تفصیلات کے مطابق طالبان نے امریکی اور یورپی یونین کے سفیروں کو خبردار کیا ہے کہ پابندیوں کے ذریعے ان پر دباؤ ڈالنے کی مسلسل کوششیں سکیورٹی کو نقصان پہنچائے گی۔ طالبان کے خارجہ امور کے ترجمان نے کہا کہ دوحہ میں طالبان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے مغربی سفارت کاروں کو بتایا کہ افغان حکومت کو کمزور کرنا کسی کے مفاد میں نہیں کیونکہ اس کے منفی اثرات دنیا پر ہوں گے، یہ اثرات سکیورٹی پر بھی ہوں گے اور ملک سے اقتصادی پناہ گزینوں کی صورت میں بھی ہوں گے۔ قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے دنیا پر زور دیا کہ پابندیوں کو ختم کیا جائے اور بینکوں کو معمول کا کام کرنے دیا جائے تاکہ امدادی ادارے، غیر سرکاری ادارے اور حکومت اپنے وسائل اور بین الاقوامی مالی امداد سے اپنے عملے کو تنخواہیں ادا کر سکے۔برطانوی میڈیا کے مطابق روس کی قیادت میں ایک سکیورٹی بلاک جس میں افغانستان کے قریبی ممالک شامل ہیں، 22 سے 23 اکتوبر تک تاجکستان میں افغان سرحد کے قریب فوجی مشقیں کرے گا۔دی کلیکٹو سکیورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن میں تاجکستان، کرغیزستان، قازقستان، آرمینیا اور بیلا روس شامل ہے۔

تازہ ترین