• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، شوگر ملز مافیا کو کنٹرول کرنے کیلئے گنے کی پیداوار محدود کرنے کی سفارش

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پبلک اکاونٹس کمیٹی نے شوگرملز مافیا کو کنٹرول کرنے کیلئے گنےکی پیداوار کو محدود کرنے کی سفارش کی جبکہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی سے زیتون کی کاشت کے فروغ کے منصوبے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، کمیٹی نے پی اے آر سی کو ریسرچ کے شعبہ میں اور گندم و کپاس سمیت دیگر اجناس کی بہترین پیداوار کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رانا تنویر حسین کی صدارت میں ہوا، جس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے سال 2019-20کے آڈٹ اعتراضات اورسال2018-19کی گرانٹس کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں زیتون کی کاشت کے فروغ کا منصوبہ بھی زیر بحث آیا۔

نور عالم خان نے کہا کہ زیتون کی شجرکاری کہاں ہو رہی ہے اسکی معلومات فراہم کریں ، آڈٹ حکام نے بتایا کہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی جانب سے اکاونٹ میں 75ملین روپے کی رقم رکھی گئی تھی ہم نے پوچھا پیسے کہاں سے اور کس مقصد کیلئے آئے توہمیں نہیں بتایا گیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پی اے آر سی کو تھوڑا ٹھیک کریں، کوئی نئی ورائٹی نہیں لا رہے، ہر فصل کے ایریا کی زوننگ کر دیں ، شوگر ملیں بند کریں ،ہمیں کاٹن پر چلے جانا چاہئے، خواجہ آصف نے کہا کہ گنا پانی بہت کھینچتا ہے، پانی کا لیول آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے ۔

تازہ ترین