• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک کشمیر یورپ کے زیر اہتمام 27اکتوبر کو ہفتہ سیاہ کشمیر منایا جائیگا

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے ہفتہ سیاہ کشمیر منایاجائے گا۔ یورپ بھر میں احتجاجی مظاہرے، عوامی اجتماعات اور ریلز منعقد کی جائیںگی۔ کشمیر پر بھارت کی ننگی جارحیت، غاصبانہ قبضہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور قتل عام کو اجاگر کیا جائےگا اور دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ بھارت انسانیت کا قاتل اور امن کا دشمن ملک ہے، بھارت نے گذشتہ 74سال سے کشمیر پر فوجی تسلط اور غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ اجلاس سے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کرنے کے لیے غیر مسلم غیر کشمیری ہندو انتہا پسندوں آباد کرنے کی سازشیں کر رہا ہے ، بھارت کے ان اقدامات کو روکا نہ گیا تو حالات مزید خراب ہونگے، کشیدگی میں اضافہ ہوگا کشمیری ان ہتھکنڈوں کو قبول نہیں کریں گے ،اقوام متحدہ ہ کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے، کشمیری تقسیم کشمیر کے کسی ایجنڈے کو تسلیم نہیں کریں گے۔ کشمیری کسی ایسے معاہدے کے پابند نہیں جس میں وہ شامل نہ ہوں۔ تحریک کشمیر یورپ کے جنرل سیکرٹری میاں محمد طیب نے کہا کہ 27 اکتوبر کا دن کشمیر کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے۔ بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے۔ بھارت نے فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جو بھارت سمیت دنیا نے تسلیم کر رکھا ہے اور عالمی برادری کی توجہ بار بار مبذول کرا رہے ہیں کہ بھارت کے ظلم کو بند کرایا جائے اور مسئلہ کشمیر پُرامن طور پر کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ اجلاس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، سوئٹزلینڈ کے صدر اعجاز احمد طاہر چوہدری، ڈنمارک کے سرپرست میاں منیر حسین، نائب صدر شہزاد بٹ، خاتون رہنما روبینہ، جرمنی سے محمد ریاض گھمن، خالد محمود بٹ اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا، اجلاس میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور خوض کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ 6 نومبر کو یوم شہداء جموں اور 10 دسمبر کو اقوام متحدہ کا عالمی یوم انسانی حقوق کا دن منایا جائے گا۔
تازہ ترین