• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھوٹی کرکٹ بڑی جنگ، شاہینوں کی پرواز دبئی لینڈ کر گئی، کھلاڑی رنگ جمانے کیلئے پرعزم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سلطنت ٹی ٹوئنٹی کر کٹ پر اپنی بادشاہت قائم کرنے کے عزم کے ساتھ پر جوش پاکستانی کھلاڑیوں نے متحدہ امارات میں قدم جمالئے۔چھوٹی کرکٹ کی بڑی جنگ کیلئے شاہینوں کی پرواز دبئی لینڈ کرچکی ہے۔ کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے چارٹر طیارے سے روانہ ہو ئے۔ کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور اہل خانہ سمیت دبئی جانے والے مسافروں کی مجموعی تعداد 47 ہے، کوویڈ پروٹوکولز کے مطابق پہلے ہر فرد کی ریپڈ کوویڈ ٹیسٹنگ کی گئی، نتائج منفی آنے پر جہاز میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔ دبئی پہنچنے کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا اور انہیں ایک دن کے لئےقرنطینہ میں بھیج دیا گیا، ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد قومی کھلاڑی میدان میں اپنی مہارت کو آزمائیں گے۔بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن دبئی میں پاکستان ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز 17 اکتوبر سے ہو گا ۔ پاکستان ٹیم 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ کپتان بابر اعظم نے مداحوں سے کہا کہ آپ کی سپورٹ ہی سب چیزوں سے بڑھ کر ہے۔ ہمارے لئے دعائیں کرنا، ہمیں سپورٹ کرنا اور ہم پر اپنا یقین قائم رکھنا۔سابق کپتان سرفراز احمد نے ٹویٹ کیا کہ قوم کی دعائوں کی سخت ضرورت ہے، اس ٹیم کو آپ کی سپورٹ ہی کھڑا کرے گی۔حسن علی نے لکھاکہ بسم اللہ،کرکٹ فینز نے اسے پسند کیا ہے کہ اللہ کے نام کے ساتھ سفر شروع کرنے سے کامیابی ملے گی۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہ پاکستانی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔ شاہین شاہ نے ٹریننگ کے دوران کی کچھ تصاویر ٹوئٹر اکاؤنٹ کی زینت بنائیں۔

تازہ ترین