• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی کی حکومتوں نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرکے خزانہ خالی کیا ، کامران بنگش

پشاور ( جنگ نیوز ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے گزشتہ حکومتوں سے ورثے میں ملے سنگین نوعیت کے مسائل پر قابو پانا نئی حکومت کے لئے انتہائی مشکل ہوتا ہے ، ماضی کی حکومتوں نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرکے خزانہ خالی کیا ، گزشتہ حکومتوں کے حالات عوام کے سامنے ہیں اور عوام بخوبی آگاہ ہیں کہ ملک کے خیر خواہ اور دشمن کون ہیں ، گزشتہ ہر حکومت کے کارندوں نے ملک اور عوام کا پیسہ بے دردی سے لوٹا ہے اور آج ان کا خمیازہ ہم اور عوام بھگت رہے ہیں تاہم مو جودہ حکومت ضروری اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کے لئے فورڈ کارڈ کا اجراء کر رہی ہے جس سے غریب لوگوں کی مشکلات میں نمایاں کمی آجائے گی ، حکومت عوام کی فلاح بہبود کے لئے چینی ، گھی ، آٹا اور دیگر اشیاء پر سبسڈی دے رہی ہے ۔کامران بنگش نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے پہلے مرحلے میں16اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جس پر عملد رآمد کے لئے کابینہ میں کا م ہو رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے ہفتے کے روز شاہی باغ پشاور میں لیڈی پارک کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی شائستہ بانو ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سلیم الرحمان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔مذکورہ لیڈی پارک 83کینال کے رقبے پر بن رہا ہے جس پر 17کروڑ 57لاکھ روپے لاگت آئے گی اور یہ پارک مارچ 2022تک مکمل ہو جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ لیڈی پارک میں پارک ایریا ، چلڈرن پلے ایریا ، جاکنگ ٹریک ، ٹرفنگ آف لان ، کینٹین کے علاوہ تقریباً دس ہزار پودے بھی لگائے جائیں گے ، یہ پارک صرف خواتین کے لئے مختص ہو گی اور اس میں جد ید دور کی تمام تر سہولیات فراہم ہوں گی ، عنقریب رنگ روڈ پشاور میں 266کینال کے رقبے پر ایک اور پارک کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان خود کریں گے جس سے پشاور اور اردگرد کے علاقوں کے عوام کو ایک تفریح میسر ہو گی ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن پر عملد رآمد پاکستان ترقیافتہ اور عوام خوشحال ہو ں گے۔کامران بنگش نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک نے کورونا کے خلاف ہماری مثبت اقدامات کی تعریف کی ہے کہ ان نامساعد حالات میں ہم نے کورونا وباء پر قابو پاکر قوم کو تحفظ فراہم کیا اور انشاء اﷲ اسی طرح ڈینگی وباء پر بھی بہت جلد قابو پالیں گے ، وزیر اعظم عمران خان کی انتھک کاوشوں کی بدولت پاکستان اور عوام کو تمام مشکلات سے نکالیں گے اور یہ ہمارا پختہ عزم ہے ۔
پشاور سے مزید