کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نومبر میں بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کے حوالے سے بدستور پریشانی کا شکار ہے ، تین ٹیموں کے انکار کے بعد کینیڈا اور امریکا کی ٹیموں کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی جگہ شامل کر لیاگیا ہے، انگلینڈ کی متبادل ٹیم کا فیصلہ چند روز میں کیا جائے گا۔ تاہم بیلجیم کے بعد فرانس نے بھی بھار ت میں کورونا کی وجہ سے کھیلنے پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے پہلے ہی دستبرداری کر لی ہے۔ ایف آئی ایچ تاحال میچوں کے گروپ اور شیڈول کو حتمی شکل نہیں دے سکی ہے۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کی عدم توجہی کے باعث ٹور نامنٹ کے لئے مقرر کردہ14امپائرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ۔ پینل میں بھارت، جاپان اور ملائیشیا کے امپائرز شامل ہیں۔