• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
لاہور ایئرپورٹ پر ایک اخباری رپورٹ کے مطابق کسٹم کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر مسافروں کو عملاً گرین چینل کی سہولت سے محروم کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں کسٹم اہلکاروں اور مسافروں میں تلخ کلامی اورجھگڑے روز کا معمول بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کئی برس پہلے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو گرین چینل کی سہولت فراہم کی تھی جس کے تحت کسٹم حکام کو ایک پرواز کے صرف دس فی صد مسافروں کا سامان چیک کرنے کا اختیار دیا گیا تھا جبکہ باقی مسافراپنا سامان گرین چینل سے کسی چیکنگ کے بغیر لاسکتے تھے۔ اس کے نتیجے میں مسافر کسٹم اہلکاروں کی غیر ضروری چھان بین سے محفوظ ہوگئے تھے جبکہ کسی حقیقی سبب کی بناء پر مشتبہ سمجھے جانے والے مسافروں کو چیک کرنے کا اختیار بہرحال کسٹم حکام کو حاصل تھا۔لیکن لاہور ایئرپورٹ پر گرین چینل کی سہولت عملاً ختم کردیے جانے کی وجہ سے تمام مسافروں کو کسٹم اہلکاروں کی بلیک میلنگ کا نشانہ بننا پڑرہا ہے۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق گرین چینل کی سہولت ملک کے تمام ایئرپورٹس پر بدستور برقرار ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر اس کی سہولت کا عملاً خاتمہ غیرقانونی اور بلاجواز ہے۔ اس رویے کے پیچھے مسافروں کو بلیک میل کرنے کی نیت کے کارفرما ہونے کا قوی امکان ہے۔ ہمارے ملک میں جو محکمے کرپشن میں سب سے پیش پیش تصور کیے جاتے ہیں کسٹم کا محکمہ ان میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ جائز وجوہ کے بغیر بھی اعتراضات کرکے مسافروں سے بھاری رشوتیں وصول کرنا گرین چینل کی سہولت سے پہلے کسٹم حکام کی عام روش تھی تاہم اس سہولت نے مسافروں کو کسٹم اہلکاروں کی بلیک میلنگ سے بڑی حد تک تحفظ فراہم کردیا تھا۔اس پس منظر میںلاہور ایئرپورٹ پر ایف بی آر کی کسی ہدایت کے بغیر گرین چینل کی سہولت کا ختم کردیا جانا واضح طور پر بدنیتی پر مبنی معاملہ نظر آتا ہے لہٰذا وفاقی حکومت کو فوری طور پر مسافروں کے ساتھ اس زیادتی کا ازالہ کرتے ہوئے گرین چینل کی سہولت بلاتاخیر بحال کرنے کا حکم جاری کرنا چاہئے۔
تازہ ترین