• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اویس شاہ کے اغواء پر سندھ پولیس کا پنجاپ پولیس سے رابطہ، سرچ آپریشن کررہے ہیں، آئی جی پنجاب

لاہور ( این این آئی) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے اویس شاہ کی بازیابی کیلئے سندھ پولیس نے پنجاب پولیس سے مدد مانگ لی، آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا کا کہنا ہے کہ اویس شاہ کے معاملے پر چاروں صوبوں کی پولیس رابطے میں ہے اور سندھ پولیس کے کہنے پر پنجاب کے کچھ علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا ہے،پنجاب پولیس کیلئے جدید فرانزک وینز بھی آ چکی ہیں جنہیں کرائم سین سے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے استعمال کیا جائیگاجبکہ پنجاب پولیس کے نئے بجٹ سے 400نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمراء ہال میں دوران سروس وفات پانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی بیوگان اور ورثاء میں گذارہ الائونس اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دوران سروس وفات پانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی بیو گان اور ورثاء کوگذارہ لائونس کے حصول میں درپیش مسائل اور پولیس کے ضلعی دفاتر سمیت بینکوں کے بار بار چکر لگانے کے عمل سے بچانے کیلئے ATMکارڈز کے ذریعے گذارہ الائونس کی فراہمی کے انقلابی پروجیکٹ کا آغاز ضلع لاہور سے کیا جارہا ہے جس میں لاہور کے 260پولیس افسران اور اہلکاروں کی بیوگان اور ورثاء کوATMکارڈز فراہم کیے جائیں گے۔ مشتا ق احمد سکھیر انے کہا کہ میں نے جب آئی جی پنجاب کے عہدہ کا چارج لیا اس وقت گذارہ الائونس2500 روپے ماہانہ جسے ہم نے بڑھا کر 5000ر وپے کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور آئی جی بلوچستان میں نے وہاںگذارہ الائونس کے فراہمی کے قوانین میں ترمیم کروا کر پولیس اہلکاروں کی بیوگان اور ورثاء کو معقول ماہانہ گذارہ الائونس مقرر کروایا تاکہ پولیس اہلکاروں کی بیوہ اور بچے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلائیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی کے لئے سندھ حکومت نے رابطہ کیا ہے اور پنجاب کے مخصوص ناکوں اور گنینگز سے متعلق معلومات مانگی ہیں۔ پنجاب پولیس اس معاملے میں جس حد تک مدد فراہم کر سکتی ہے وہ کر رہی ہے اور سندھ پولیس کی نشاندہی کے مطابق چھاپے مارے جا رہی ہیں۔ پولیس افسران کی تنزلی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق اٹھایا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کمیٹی نے فہرست تیار کی تھی اور پویس افسران کو قانونی تقاضوں کے مطابق آئوٹ آف ٹرن ترقی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے لئے جدید فرانزک وینز بھی آ چکی ہیں جنہیں کرائم سین سے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے اضلاع میں 2اور چھوٹے اضلاع میں ایک، ایک فرانزک وین بھجوائی جائے گی۔
تازہ ترین