• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امجد صابری پر فائرنگ کرنے والے ملزم بیرون ملک فرار ہوگئے،جلد واپس آنے کی امید ہے،سی ٹی ڈی،ایک ملزم پکڑنے کا دعویٰ

کراچی (اسٹاف  رپورٹر)پولیس نے امجد صابری قتل کیس میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا ہے،ملزم ڈی ایم سی کا ملازم ہے اور اسکا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل انویسٹی گیشن پولیس نے امجد صابری قتل کیس میں ملوث ایک ملزم عمران کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور وہ ڈی ایم سی کا ملازم ہے ۔ملزم نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ  واقعہ میں اسکے ساتھ اسکے پانچ ساتھی بھی شامل تھے۔ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اسے قتل کا حکم فون پر ملا  اور شہزاد نامی شخص نے اسے فون کیا ۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے بتایا کہ امجد صابری کے قتل کے لیے دو ٹیمیں بنائی  گئی تھیں اور گاڑی پر8فائر کیے گئے تھے ۔ملزم نے بتایا کہ اسے نہیں پتا تھا کہ قتل کیوں کیا گیا ۔ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ  اس نے اپنے ایک ساتھی سے پوچھا کہ امجد صابری کو کیوں مارا ہے تو اسے کہا گیا کہ  تم چپ رہو نہیں تو تمھیں بھی ماردینگے ۔ دوسری جانب  سی ٹی ڈی کی تحقیقاتی ٹیم کا دعویٰ ہے  امجد صابری کے قتل میں ملوث تین اہم ملزمان سی ٹی ڈی نے بھی گرفتار کیئے ہیں۔ سی ٹی ڈی ایک افسر کا کہنا ہے کہ جن ملزمان نے فائرنگ کی وہ واردات کے بعد پہلے شہر اور بعد ازاں ملک سے فرار ہوگئے ہیں تاہم ان کے جلد پاکستان واپس آنے کی امید ہے کیونکہ انکے ویزے ختم ہورہے ہیں ۔سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ امجد صابری کی نجی زندگی کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے اور اس میں کچھ ایسی باتیں سامنے آئی ہیں جو قتل کے محرکات کا سبب بن سکتی ہیں ۔ 
تازہ ترین