• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوایم پر پابندی کی کوئی تجویز نہیں، پرویزرشید، تعلق اور لاتعلقی چھپ نہیں سکتی، خورشیدشاہ

اسلام آباد(طاہر خلیل)وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشیدنے کہاہےکہ وفاقی حکومت ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کی کسی تجویز پر غور نہیں کررہی‘سیاسی مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے گا‘فاروق ستارکے الطاف حسین سے تعلقی کے دعوؤں کی تصدیق کررہے ہیں ‘تمام امورپر تسلی کے بعد ہی بات آگے بڑھے گی۔ اتوار کو نمائندہ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ منتخب جماعتوں پرماضی کے آمرانہ ادوار میں پابندیاں لگتی رہی ہیں اورسیاست کو جرم بنا کر پیش کیا جاتارہاہے لیکن مارشل لاء کے تینوں ادوار میں سیاسی جماعتوں پر پابندیوں کے منفی نتائج نکلے اورملک عدم استحکام کا شکار ہوا‘ سیاسی جماعتیں جمہوری پارلیمانی نظا م کا لازمی جزو ہوتی ہیں اور پاکستان میں یہ قومی یکجہتی کا بھی کردار ادا کرتی ہیں‘ ہم ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے، فاروق ستار کی سربراہی میں جو ایم کیو ایم کام کررہی ہے ان کے الطاف حسین سے لاتعلقی کے دعوئوںکی تصدیق کررہے ہیں ،ایم کیو ایم کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کراچی میں جرائم پیشہ لوگوںکی سرپرستی کرے گی نہ ہی ان کے مقدمات لڑے گی۔ ایم کیوایم کو اپنی  پارٹی کے عسکریت کرنے والوں کو قانون کی دسترس میں لانے کےلئے معاونت کرنی چاہیے اورقانون نافذ کرنے والے جوادارے کراچی میں بد امنی کے خاتمہ اور پائیدار امن کےقیام کےلئے کام کررہے ہیں ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ان تمام امور پر تسلی ہونے کے بعد ہی بات آگے بڑھے گی اور اگر ایم کیوایم نے ثابت کیا کہ وہ ماضی سے ہٹ کر جمہوری سیاسی عمل میں پوری طرح سنجیدہ ہے تو اس کی الطاف حسین سے لاتعلقی کا دعویٰ درست ثابت ہوسکےگا۔
تازہ ترین