• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: وزیر اعظم کی شہریار سے ملاقات،صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان کی بیماری اور بورڈ میں چیئرمین کی تبدیلی کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو اس وقت بڑا دھچکہ لگا جب  بورڈ کے سرپرست اعلی اورو زیر اعظم نواز شریف نے لندن میں شہریار خان کے گھر جاکر نہ صرف ان کی عیادت کی بلکہ جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ کلثوم نواز اور صاحبزادے حسن بھی تھے۔ شہریار کہتے ہیں کہ پی سی بی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ جلد لاہور پہنچنا چاہتا ہوں۔ نواز شریف نے شہریار خان کو کہا کہ وہ اپنے علاج میں جلد بازی سے کام نہ لیں ۔ اگر ڈاکٹر سفر کا مشورہ نہیں دیتے تو بورڈ کے امور لندن ہی سے چلائیں۔ وزیر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا۔  بعدازاں  امور خارجہ کے مشیر طارق فاطمی بھی شہریار خان کی عیادت کے لئے پہنچے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم خوشگوار موڈ میں تھے اور ہنسی مذاق بھی کرتے رہے۔ پیر کو جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ نواز شریف ایک گھنٹے میرے گھر رہے۔ انہوں نے کرکٹ کے علاوہ کشمیر اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات چیت کی۔ شہریار خان نے کہا کہ امید ہے کہ ڈاکٹر اگلے دو ہفتے میں وطن واپس جانے کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ٹیم کی جیت پر خوش تھے۔ اس موقع پر حسن نواز نے پرجوش انداز میں کہا کہ پاکستان ٹیم نے عالمی چیمپئن کے پرخچے اڑا دیئے ہیں۔ شہریار خان کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے ہائیڈ پارک میں واک کرتے ہیں۔ پی سی بی اسٹاف کو فون پر ہدایات دیتے ہیں۔
تازہ ترین