• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائوتھ ایشین کراٹے میں بھارت فاتح، پاکستان کی تیسری پوزیشن

پشاور( نمائندہ جنگ) تیسری سائوتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ قومی ٹیم نے تین گولڈ، آٹھ برانز اور آٹھ سلور میڈلزجیتے، خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے باز محمد خان نے84 کلوگرام سے زائد کیٹگری میں سونے کاتمغہ جیتا۔ بھارت کے شہر نئی دہلی میں کھیلی گئی  چیمپئن شپ میں پاکستان ، سری لنکا، بنگلہ دیش ، بھارت، نیپال ، بھوٹان اور مالدیپ کے کھلاڑیوں نے مختلف کیٹگریز میں حصہ لیا۔ چیمپئن شپ میں بھارت نے پہلی، سری لنکا نے دوسری اور پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ پاکستان کی طرف سے باز محمد نے ایک گولڈ، دو سلور میڈلز، کلثوم نے ایک گولڈ، ایک سلور، نصیر احمد نے ایک گولڈ ایک سلور میڈل ، ابراہیم اسماعیل نے دو سلور میڈلز، سعدی عباس نے دو سلور میڈلز، اسرارالحق نے تین سلور میڈلز، جواد نے دو سلور میڈلز، خواتین میں بینش اکبر نے دو سلور میڈلز ، شاہدہ نے تین برانز میڈلز ، ناز گل نے ایک سلور اور دو برانز میڈلز ، نرگس نے ایک چاندی اور دو کانسی تمغے جبکہ قرۃ العین نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس موقع پر سائوتھ ایشین کراٹے فیڈریشن کے انتخابات بھی ہوئے جس میں پاکستان کراٹے فیڈریشن کے صدر محمد جہانگیر جنرل سیکرٹری اور نسیم قریشی سائوتھ ایشین کراٹے فیڈریشن ریفریئنگ کمیشن کے ممبر منتخب ہوئے جبکہ ایشین کوالیفائیڈ کراٹے ریفرینگ کورس میں خیبرپختونخوا کے سیکرٹری سابق سائوتھ ایشین چیمپئن خالد نور نے کامیابی حاصل کی ۔ پاکستان ٹیم کے کوچ خالد نور نے کہا کہ سائوتھ ایشن کراٹے چیمپئن شپ میں بھارت نےپاکستان کے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت زیادتی کی، پہلے ٹیم میں 40میں سے 18 کھلاڑیوں کو ویزہ دیاجس کی وجہ سے بہت سے میڈل ونر کھلاڑی شرکت سے محروم رہے جبکہ فائٹنگ کے دوران بھی ریفری کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے کھلاڑی گولڈ سے محروم رہے۔علاوہ ازیں لاہورسے نمائندہ جنگ کے مطابق سائوتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم گزشتہ روز دہلی سے واہگہ بارڈر کے راستے لاہور واپس پہنچ گئی۔بارہ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو دہلی میں سات روزہ قیام کے دوران ہوٹل سے باہر نہیں جانے دیا گیا۔ ٹیم کے اراکین اور آفیشلز کو صرف مقابلوں کے لیئے مخصوص مقام پر لے جایا جاتا تھا۔ پاکستان ٹیم چھ لڑکوں اور چھ لڑکیوں پر مشتمل تھی۔ مینز ایونٹ میں قومی ٹیم دوسرے اور ویمنز ایونٹ میں تیسرے نمبر پر رہی۔
تازہ ترین