• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی نسل قیام پاکستان کے حقائق نہیں جانتی، ہمیں اپنی تاریخ کےنصاب کو دوبارہ ترتیب دینا ہوگا، حاصل بزنجو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر جہاز رانی میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ انقلاب کے پیچھے ایک سوچ اور نظریہ ہوتا ہے جس کے بارے میں ہم نے اپنی نئی نسل کو گمراہ کررکھا ہے اور انہیں درست تاریخ سے آگاہ نہیں کیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے قومی رہنماؤں کی  جدوجہد ، قربانی اور کارناموں کو نہیں جانتے ہیں۔فتحیاب علی خان ایسے ہی رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ساری زندگی اصولی سیاست کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی جامعہ اردو کے تحت معروف دانشور اور سیاستدان ڈاکٹر فتحیاب علی خان کی یا د میں قرارداد ’’انقلاب پُرامن ہوسکتا ہے‘‘ کے موضوع پر ہونے والے سیمینار اور مباحثے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل قیام پاکستان کی بنیاد تک کے بارے میں درست معلومات نہیں رکھتی ،ہمیں اپنی تاریخ کے نصاب کو دوبارہ ترتیب دینا ہوگا ۔پرانی اور نئی نسل کے درمیان مباحثہ و مکالمہ ہونا چاہئے تاکہ نوجوان نسل میں صحیح سوچ پروان چڑھے۔ضیاء الحق کے دور میں طلباء یونینز پر پابندی لگائی گئی جس کے بعد سے سیاسی تنظیموں کے بارے میں لوگوں کا رویہ بہت منفی ہے جبکہ طلبا ء سیاست میںحصہ لیں گے تب ہی بہتر حکمرانوں کا انتخاب کرسکیں گے۔وفاقی جامعہ اردو کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد نے کہا کہ فتحیاب علی خان سیاست میں اس لئے ناکام تھے کہ انہوں نے ہمیشہ انصاف وعدل اور لوگوں کے حقوق کی بات کی ، سچ کو اپنی سیاسی زندگی کی اولین ترجیح رکھا ۔پروگرام میں جامعہ کراچی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر،سابق گورنر سندھ بیرسٹر کمال اظفر،چیئرپرسن پاکستان انٹرنیشنل افیئرز ڈاکٹر معصومہ حسن، بی ایم بگٹی ،سابق رکن قومی اسمبلی صفوان اللہ، سینئر ایڈووکیٹ نفیس صدیقی، سینئر صحافی محمود شام، مجاہد بریلوی، آغا مسعود، انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹیڈیز ڈاکٹر جعفر، ڈاکٹر عالیہ امام، قائدحزب اختلاف قرۃالعین ، قائد حزب ایوان نجب الثقلین نے بھی خطاب کیاجبکہ رجسٹرار جامعہ اردو ڈاکٹر محمد صارم،رکن سینیٹ نجم العارفین، ڈاکٹر فاطمہ حسن، ڈاکٹراقبال خان کے علاوہ طلبا ء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام آرگنائزر آصف رفیق تھے جبکہ میزبانی کے فرائض ڈاکٹر یاسمین سلطانہ اور انصب رضا نے سرانجام دیئے۔جامعہ کراچی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ فتحیاب علی خان طلباء یونین کے بانی تھے جس کے باعث تعلیمی اداروں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا۔
تازہ ترین