• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی منظر نامہ،چوہدری نثارکیلئےاجنبی مداح نے حرم نبوی میں دعائیں کیں

اسلام آباد (طاہر خلیل )سفید چاندی ایسے داڑھی کے بالوں کو جب عقیدت کےآنسوئوں نے ترکیا تو اس نشست میں موجود ہر شخص کی آنکھیں نمناک ہو گئیں۔ یہ واقعہ اسلام آباد سے تقریباً17کلو میٹر کے فاصلے پر آباد ایک نئی ہائوسنگ اسکیم کی نو تعمیر شدہ رہائش گاہ میں پیش آیا ۔ جہاں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ایک ایسے شخص سے ملنے گئے جس نے حرم نبوی میں دوران اعتکاف ان کےلئے دعائیں کیں، راشد خان سواتی چوہدری نثار  کا ایسا مداح تھا جس کی کبھی اپنے ممدوح سے ملاقات ہوئی نہ بات ہوئی ۔ چوہدری نثار کو لندن سے دوست کی کال موصول ہوئی کر حرم نبوی میں ایک ایسا شخص بھی ہے جو دوران اعتکاف رات کے پچھلے پہر ان کےلئے دعائیں کرتا ہے ۔ چوہدری نثار  نے اپنے دوست سے جو خود حرم نبوی میں اعتکاف میں تھے اس شخص کے بارے میں استفسارات کئے تو پتہ چلا کہ راشد خان سواتی کا تعلق مانسہرہ سے ہے ۔ چوہدری نثار  منگل کو جب اپنے اجنبی مداح سے ملنے ا سکےگھر پہنچے تو اسکی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا ۔ آب زم زم اور عجوہ سے آئو بھگت کی گئی۔ راشد خان کےآنسو تھے کہ تھمنے کا نام نہ لیتےتھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کے بارے میں بہت کچھ سنتا رہا ہوں۔ چوہدری نثار  ہی حکومت کا حقیقی چہرہ ہیں ، وزیر داخلہ تقریباً چار ماہ کے وقفے کے بعد اپنے آبائی حلقے گئے تھے ۔
تازہ ترین