• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی اقوام متحدہ آمد پر کشمیریوں اور سکھوں کا مظاہرہ

اقوام متحدہ(عظیم ایم میاں) کشمیریوں اور پاکستانی کمیونٹی نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی اقوام متحدہ آمد کے موقع پر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی فوج کےمظالم سے نجات دلا کرسلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کا حق خودارادیت دلائے ۔ کشمیری خواتین اور مردوں پر مشتمل اس احتجاج میں سکھوں نے بھی شرکت کی اور ان کے قائد ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جنگجو اور انتہا پسندہندو حکمران توحید پرست کشمیری مسلمانوں اور سکھوں کے قاتل اور مشترکہ دشمن ہیں۔ اس احتجاجی ریلی میں کشمیریوں کے تمام مکاتب فکر کے نمائندے شامل تھے۔ مسلم لیگ(ن) امریکا کے صدر روحیل ڈار ،پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سلطان چوہدری، پنجاب اوورسیز کمیشن کے وائس چیئرمین خالد شاہین بٹ، کشمیری امریکن کونسل کے سربراہ ڈاکٹر غلام نبی فائی، پی پی پی آزاد کشمیر سے وابستہ سردار سوار خان سبھی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اس احتجاجی ریلی میں شریک تھے۔ یہ احتجاجی ریلی ماضی کے مقابلے میں تعداد میں بہت بڑی تھی۔ البتہ یہ ریلی بہت تاخیر سے شروع ہوئی اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اقوام متحدہ میں تقریر کرکے چلی گئی تھیں اور ریلی کے قائدین کافی تاخیر سے ریلی میں آئے جبکہ بہت سی خواتین اپنے بچوں کے ساتھ صبح ہی سے ریلی کیلئے جمع ہوچکی تھیں۔ احتجاجی ریلی میں شریک افراد کی تعداد اور کشمیریوں تے اتحاد کی علامت کے طور پر بڑی کامیاب رہی۔ اس ریلی میں نیوجرسی ریاست میں قائم’’امن تحریک‘‘ کے امریکی نمائندے بھی شریک ہوئے۔
تازہ ترین