• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارک کانفرنس کا التوا، بھارتی ہٹ دھرمی نے امن کا ایک اور موقع ضائع کردیا

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاہےکہ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر کے خطے کی سیکورٹی پر اثرانداز ہورہا ہے، بھارتی میڈیا نے اُڑی حملے کے بعد خبر جاری کی تھی کہ بھارتی فورسز نے پاکستان سے آنے والے دس حملہ آوروں کو مار دیا ہے مگر بھارتی حکومت کے بعد بھارتی مسلح افواج نے بھی اپنے میڈیا کی جھوٹی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُڑی واقعہ کے بعد نہ کوئی مقابلہ ہوا اور نہ ہی پاکستان سے آنے والے کوئی حملہ آور مارے گئے،بھارتی فوج کہہ رہی ہے کہ ہمیں سمجھ نہیں آتا کہ میڈیا کو یہ خبریں کون سے سیکیورٹی ذرائع جاری کررہے ہیں، اس سے پہلے بھارتی وزیر دفاع بھی بھارتی میڈیا پر پابندی لگاچکا ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ بھارتی میڈیا مسلسل جھوٹی خبریں نشر کررہا ہے، بھارتی میڈیا نے کہا روس پاکستان کے ساتھ جنگی مشقیں نہیں کرے گا مگر روس کی پاکستان میں فوجی مشقیں جاری ہیں، بھارتی میڈیا نے کہا کہ اُڑی حملہ آوروں کے پاس سے پشتو زبان میں لکھے ہوئے نقشے اور اسلحہ میں پاکستان کی مارکنگ ملی لیکن بھارتی وزارت خارجہ نے مبینہ حملہ آوروں کا تعلق آزاد کشمیر سے بتایا جہاں پشتو بولی ہی نہیں جاتی ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی نے امن کا ایک اور موقع ضائع کردیا، بھارت کے انکار کے بعد سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ہوگئی، بھارت کا بات چیت کے فورم سے فرار مسئلہ کا حل نہیں خود ایک بڑا مسئلہ ہے، ماضی میں بھی سارک کے فورم پر سخت اور کشیدہ حالات میں پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش کرچکے ہیں۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ سعودی عرب کی سینئر اسکالرز کونسل نے انتہائی اہم اور نازک مسئلہ پر اہم بیان دیا ہے کہ تکفیر کا فیصلہ انسان نے نہیں اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کرنا ہے، کونسل نے واضح کیا ہے کہ قرآن و سنت سے تکفیر کیلئے واضح شواہد کی ضرورت ہے، سعودی علماء کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں انتہاپسند تنظیمیں بھی کسی کو کافر قرار دے کر اپنی کارروائیوں کا جواز دیتی نظر آتی ہیں چاہے وہ کارروائی مسلمانوں کے خلاف ہو یا غیرمسلموں کے خلاف ہو ۔پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ کے حوالے سے تجزیہ کرتے ہوئے شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ تحریک انصاف رائیونڈ مارچ کی تیاریوں میں مصروف ہے، عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت لاہور میں ہے، مختلف شہروں سے ریلیاں رائیونڈ کیلئے روانہ ہورہی ہیں مگر چیئرمین پی ٹی آئی کی پکار پر شیخ رشید کے علاوہ کوئی دوسری سیاسی جماعت نہیں آئی ہے، عمران خان نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر 30ستمبر کے بعد ادارے کام نہیں کرتے تو وہ زیادہ جارحانہ احتجاج کریں گے۔  بھارتی صحافی جیوتی ملہوترا نے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے کہا کہ اُڑی حملے کے بعد پاک بھارت تناؤ بڑھتا جارہا ہے، اس صورتحال میں پاک بھارت بات چیت کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں تھا، سارک کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ صرف بھارت کا نہیں ہے، افغانستان، بنگلہ دیش اور بھوٹان نے بھی سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا ہے،پہلی بار چار سارک ممالک پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف ایکشن لینے کیلئے کہہ رہے ہیں، اگر یہ چاروں ملک پاکستان آکر سارک کانفر نس میں پاکستان پر تنقید کرتے تو یہ زیادہ برا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور دہشتگردی کو آپس میں نہیں جوڑا جاسکتا ہے، ممبئی حملے میں پاکستان سے حملہ آوروں کی آمد ثابت ہوچکی ہے، پاکستان میں کچھ لوگوں کا اُڑی حملے کا الزام بھارت پر عائد کرنا غلط بات ہے، پاکستان اور بھارت کو آپس میں تمام معاملات پر بات کرنا پڑے گی، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں، پاکستانی وزیر دفاع کی طرف سے ایٹمی ہتھیا روں کے استعمال کی بات ایٹمی بلیک میلنگ ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی آئی پاناما لیکس تحقیقات کیلئے تمام اداروں کے پاس گئی ہے، ن لیگ اگر مے فیئر فلیٹس کی 2005ء میں خریداری کی رسیدیں ہی دکھادے تو قصہ ختم ہوجائے گا، تحریک انصاف پاناما کے ایشو کو لائم لائٹ میں رکھنا چاہتی ہے، میری زندگی کرپشن کے خلاف جہاد میں گزر گئی ہے، رائیونڈ مارچ کرپشن کے خلاف تحریک کا پہلا حصہ ہے، تمام اپوزیشن جماعتیں اپنے لحاظ سے احتجاج کررہی ہیں، کرپشن کے خلاف اپوزیشن کی جماعتوں کوا کٹھا کرنا ہوگا،عوام کو احساس ہوگیا ہے کہ کرپشن سے ان کے حالات کی خرابی کتنی جڑی ہوئی ہے۔ 
تازہ ترین