• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرجیکل اسٹرائیک کی صلاحیت رکھتے ہیں، اڑی واقعے سے تعلق نہیں، امن کی خواہش کمزوری نہ سمجھی جائے، نواز شریف

اسلام آباد(آصف علی بھٹی‘اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کسی جارحیت یا لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان اپنے عوام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گا‘ پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے‘ دفاع وطن کےلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے، کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جا ئے‘ سرجیکل اسٹرائیک کی صلاحیت رکھتے ہیں‘اڑی واقعہ سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی‘کابینہ نے وزیراعظم کے ہمراہ یک آوازہوکربھارت کا سرجیکل اسٹرا ئیک کا دعوی مستردکردیا‘اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجود صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر غور کیا گیا‘وفاقی کابینہ نے اورنج لائن لاہور پر میٹرو ریل ٹرانزٹ سسٹم کیلئے سرمایہ کی فراہمی کیلئے پاکستان اور چین کے درمیان دستخط شدہ بین الحکومتی ڈھانچہ جاتی معاہدہ، متعدد شعبہ جات میں تعاون کیلئے مختلف ریاستوں کے ساتھ سمجھوتوں اور ”شیشہ“ و متعلقہ مواد کی درآمد پر پابندی سمیت 28 ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دے دی‘ کابینہ نے وزیراعظم کے عالمی پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام اور بے نامی لین دین کو باقاعدہ بنانے کیلئے مجوزہ قانون سازی کی بھی منظوری دی۔ اس کے علاوہ غیر منقولہ پراپرٹی کی تھرڈ پاکستان انٹرنیشل سکوک کمپنی لمیٹڈ کو اور اس سے منتقلی پر سنٹرل ویلیو ٹیکس (سی وی ٹی) عائد کرنے سے استثنیٰ کی بھی منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی توانا ئیا ں عوام کی فلاح وبہبود اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اورعوامی ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنا ہمارا عزم ہے جس کےلئے ہم سرگرم ہیں‘  ہم ان مقاصد کے لئے امن چاہتے ہیں لیکن میں یہ بھی واضح کردوں کہ دفاع وطن کےلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے‘ بھارت کی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بربریت اورجا ر حیت ناقابل قبول ہے‘کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتے‘بھارتی جارحیت علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے‘پاکستان کی قیادت اور عوام بھارتی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم میں متحد ہیں‘ کابینہ نے وزیر اعظم کے ہمراہ یک آواز ہوکر بھارت کے ”سرجیکل اسٹرائیک “ کے دعووں کو یکسر مسترد کر دیا ۔ بھارتی قابض افواج نے دوطرفہ انتظامات اور بین الاقوامی قانون کے تحت بھارت کے وعدوں کی مکمل خلاف ورزی کر تے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی‘کابینہ نے بھارتی حارحیت کا بھرپور جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر اور غیور جوانوں کو سراہا‘ کابینہ نے دو فوجی اہلکاروں کی شہادت پر فاتحہ خوانی بھی کی ‘کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل شہادتوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ‘کابینہ نے کشمیری عوام کی جرات ، عزم اور حوصلے کو سراہا جو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں ‘کابینہ نے بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کی اقوام متحدہ کے تحت آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا‘ اجلاس نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ‘ کابینہ نے اقوام متحدہ کمشنر برائے انسانی حقوق کے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ،کابینہ نے جموں کشمیر کے عوام کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا‘ کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ، زیادتیوں اور ریاستی دہشتگردی کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتے رہنے کا بھی فیصلہ کیا، کابینہ نے بھارتی قیادت کے کسی ثبوت کے بغیر اوڑی واقعہ کا پاکستان پر الزام عائد کرنے کے اشتعال انگیز بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جھوٹے بھارتی الزامات کو یکسر ردکر دیا‘ بھارتی بیانات اور اقدا ما ت کا مقصد بین الاقوامی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال سے ہٹانا ہے ، کابینہ نے نوٹ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات نے پاکستان میں تخر یبی اور دہشت گرد سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے تازہ ثبوت فراہم کئے ہیں جو اقوام متحدہ چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ اعلیٰ سطح ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم پر جذباتی ہوگئے جبکہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے خلاف بھی کھل کر اظہار کیا‘ اعلیٰ سطح ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کابینہ ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ جھوٹا اوربے بنیاد ہے ‘انڈیانے اپنے عوام کو مطمئن کرنے کیلئے یہ دعویٰ کیا ہے ‘صلاحیت ہمارے پاس بھی ہے‘سرجیکل اسٹرائیک پاکستان بھی کر سکتا ہے‘ یقین ہے کہ اڑی واقعہ پاکستان کی طرف سے نہیں ہوا‘بھارت کا پاکستان پر فوری الزام لگانا ناقابل فہم ہے‘انڈیاکو پہلے تحقیقات کرنی چا ہئیں تھیں‘یہ ممکن نہیں کہ چند گھنٹوں میں ہی  بھارت نتیجہ اخذ کر لے کہ حملہ سرحد پار سے ہواہے‘بھارت نے بہتر تعلقات کی بنتی فضا کو خود خراب کردیا۔
تازہ ترین