• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ لوگ بلاوجہ کبھی پارلیمنٹ ،کبھی وزیراعظم کی رہائشگاہ پریلغارکرتے ہیں،پرویزرشید

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی،اے پی پی)  وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں پاکستان کے استحکام کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا‘ انہوں نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے،کچھ لوگ ان پر بلا وجہ یلغار کرتے ہیں، کبھی پارلیمنٹ تو کبھی ان کی ذاتی رہائش گاہ پر حملہ آور ہوتے ہیں ‘وہ دراصل وزیراعظم نواز شریف پر نہیں بلکہ پا کستا ن اور پاکستان کی خوشحالی پر حملہ آور ہوتے ہیں‘1947ء میں کشمیریوں سے  وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں ان کا بنیادی حق دیا جائے گا مگر انہیں یہ حق  آج تک نہیں دیا گیا، 1997ء تک پاکستان کی کوئی  حکومت بھارت سے اس مسئلے کے حل کیلئے بات نہیں کر سکی ۔ شاہ اللہ دتہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ  2016ء کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے  بہتر ہے ، دہشت گردی  کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آ ئی ہے اور ملک سے اندھیروں کے خاتمے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ ملکی معیشت بھی روز بروز مستحکم ہوتی جا رہی ہے جو موجودہ حکومت کی بہتر اور موثر پالیسیوں کا  نتیجہ ہے، پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے اپنے دور اقتدار میں کسی بھی عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر نہیں کیا جس سے یہ مسئلہ کھٹائی میں پڑا رہا لیکن نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی اقوام متحدہ سمیت تمام اہم عالمی فورمز پر اس مسئلے کو بھرپور طریقے سے نہ صرف اجاگر کیا بلکہ اس کے حل کی ضرورت پر زور بھی دیا، نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنی حالیہ تقریر میں بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی قوم اور کشمیری عوام کا موقف بھرپور طریقے سے پیش کیا جسے حریت رہنمائوں نے بھی سراہا جس پر سری نگر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگتے رہے، اس کے علاوہ ایک آواز دہلی سے بھی آتی ہے اورکشمیری عوام کی عالمی برادری کے سامنے ترجمانی کرنے پر وزیراعظم  نواز شریف کے سر کی قیمت رکھی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ کشمیریوں کی حمایت میں بولنے والے پاکستانی وزیراعظم کو نہیں چھوڑیں گے جبکہ کچھ آوازیں ادھر ہمارے پاکستان سے بھی آتی ہیں ،وہ بھی یہی کہتے ہیں کہ نواز شریف کو نہیں چھوڑنا لیکن انہیں یہ بھی تو بتانا چاہیے کہ وزیراعظم  کو کیوں نہیں چھوڑنا ۔کیا اس لئے کہ وہ ملک و قوم کے خیر خواہ ہیں اور ملک سے اندھیروں کا خاتمہ چاہتے ہیں، ملک میں دہشت گردی نہیں پھیلنے دیتے کیا یہ ان کا جرم ہے ؟ اور اگر یہی  نواز شریف کا جرم ہے تو یہ جرم انہوں نے ماضی میں بھی کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور نواز شریف امن کے پیامبر ہیں، وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی میں جس دلیری، حوصلہ اور وژن کے ساتھ کشمیر اور کشمیریوں کا مقدمہ لڑا پوری قوم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، لائن آف کنٹرول کے پار دشمن ہماری امن کی خواہش کو غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے، دشمن دھمکیاں کسی اور کو دے یہ بازو آزمائے ہوئے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ، مرد و زن اپنی حکومت اور افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، اگر کسی نے میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھنے کی غلطی کی تو اس آنکھ کو پھوڑ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف پاکستان کے بچوں کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہم خطہ میں امن اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی عزت کیلئے کٹ مرنے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ مخالفین کی سازشوں کے باوجود ملک کی ترقی کا پہیہ تیزی سے گھومے گا، دہشت گردی ختم ہو گی، کراچی میں روشنیاں بحال ہوں گی ۔ 
تازہ ترین