• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مرا در کھلا ہے کھلا ہی رہے گا!
وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے:اسلام آباد بند نہیں ہو گا۔ گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا، ہم نے پچھلے دنوں جب گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبر آئی تھی، تو نیا قلم تراش کے بڑے زور شور سے اس بیحد موٹے اضافے کے خلاف لکھا تھا، وزیراعظم نے اپنے نیک احساس کے باعث یہ اضافہ واپس لے لیا، مگر ہم نے جو نئے چمکدار کانے سے تیکھی چونچ والا قلم گھڑا تھا اس کی لاج رہ گئی، ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ ہم اب کہہ سکیں گے دیکھا ہم نے یہ اضافہ منسوخ کرا دیا ہے، کبھی کبھی وہ ہمیں بھی فخر کرنے کا موقع دیتے ہیں وہ کتنے اچھے ہیں، غریب عوام کی جانب سے اس نیک اقدام پر ان کا تہہ دل سے شکریہ، یہ تو تھی تمہید مزید شکریوں کی، ممکن ہے نیپرا کو کچھ روز بعد ہوشیاری آئے اور وہ 50فیصد اضافہ کر دے، اور وزیراعظم کو کرم کرنے کا ایک اور موقع مل جائے، اور ہمیں نیا قلم تراشنے کا پھر بڑ مارنے کا، دوسرا وڈا تے تگڑا اعلان انہوں نے یہ فرمایا کہ اسلام آباد بند نہیں ہو گا، اور وہ اپنے پرانے کلاس فیلو حال دشمن دوست کو گویا یہ پیغام دے رہے ہیں؎
جب کوئی تیرا ’’دل‘‘ توڑ دے تڑپتا ہوا تجھے چھوڑ دے
تب تم مرے پاس آنا پریئے مرا در کھلا ہے کھلا ہی رہے گا
تمہارے لئے!
میاں کا دل بڑا ہے اس لئے تاریخ کا سب سے بڑا ہارٹ آپریشن ہوا، بلکہ یہ تو ضرب عضب سے بھی سائز میں بڑا تھا، ہماری خان صاحب سے گزارش ہے کہ وہ ہنوز بلاول سے قدرے سینئر ’’نواں ایں سوہنیا’‘‘ ہیں، اس لئے وہ نہ کہیں جو دنیا میں کوئی بھی جمہوریت پسند نہیں کہتا، اب تو ہمیں بعض معاصروں کی خبروں سے بھی ڈر لگتا ہے کہ سپریم کورٹ کے ماتھے پر من گھڑت خبر نواز شریف کی بادشاہت کی پچکاری اور ہم اعتبار میں مارے گئے، خبر پر خبر لے لی! بعد میں بادشاہِ کالم نگاراں کے کالم سے پتہ چلا کہ سپریم کورٹ نے تردید کر دی کہ میں نے یہ تو نہیں کہا تھا، بہرحال توبہ کا دروازہ کھلا پا کر پھر سے اندر گھس گئے۔
٭٭٭٭
وہ کوئی ’’دعویٰ‘‘ ہی نہ کر دیں!
عمران خان نے خطاب کے دوران کہا تمام پیغمبروں نے سماجی انصاف کیلئے کام کیا۔ اور یہ دلچسپ جملہ بھی کسی کے موبائل کی گھنٹی بجنے پر کہا کیا تمہیں اوباما کا فون آ گیا ہے، لگتا ہے ان کے لاشعور میں کہیں امریکہ بھی براجمان ہے، اس لئے جھڑکا بھی تو امریکہ کی اہمیت واضح کر دی،
ہم ہمیشہ یہ کہتے رہتے ہیں کہ ووٹ ذرا دھیان سے کاسٹ کرنا، ورنہ 5سال کانجی ہائوس میں گزارو گے، اور یہ بھی عرض گزارتے ہیں کہ اے میرے وطن کے لوگو ہر چمکتی چیز کو سونا نہ سمجھ لینا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی قیمتی متاع اپنی رائے ان کے حوالے کرتے وقت ایک سو ایک مرتبہ سوچنا، اب تو اسلام آباد کھلا ہے وہ آ گئے تو یہ شہر بھی بند ہو جائے گا، اور کوئی انصاف کی زنجیر کھڑکانے بنی گالہ بھی نہیں جا سکے گا کہ اسلام آباد بند کرنے کے خلاف فریاد کر سکے، یہ شہر بند کرنے کا سلوگن دنیا میں کہیں نہیں سنا گیا، خان صاحب اندر سے بادشاہ صفت ہیں، ان کی جمہوریت بھی بادشاہوں جیسی ہے، مگر ’’کوئی‘‘ اس بارے سچی خبر بھی نہیں دیتا، عدلیہ، سویلین حکومت اور پاک فوج ان تین اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے، اور انشاء اللہ رہے گی، اس لئے کم از کم ان تینوں کو ہمیں منفی ذہنیت کا نشانہ بنانے سے پرہیز کرنا ہو گا، بلکہ ہم تو ان تینوں میں میڈیا کو بھی شامل کرتے ہیں کیونکہ بات ہے قومی سلامتی کی۔
٭٭٭٭
کبوتر با کبوتر باز با باز میکند پرواز
خبر ہے اس پار سے کہ پاکستان کے لئے مبینہ جاسوسی، بھارت میں 153کبوتروں پر تحقیقات شروع، حیرانی ہے روس سے لیتھل میزائل خریدنے کے باوجود بھارت کا خوف نہیں جاتا، اس اکیسویں صدی میں پیغام رساں جاسوس کبوتروں پر تحقیقات، سراپا خرافات، کہیں مودی کے دماغ میں ڈینگی مچھر تو نہیں گھس گیا، اس کے لئے ہمارے پاس شہباز شریف موجود ہیں کہ وہ ہر قسم کے ڈینگی کا تیر بہدف علاج کر لیتے ہیں، جنگ کے لئے اسلحہ جمع کرنے سے پہلے اسے چلانے والے سورمائوں کی ضرورت ہوتی ہے، پاک فوج کے نام سے مودی کے پیارے ایسے دوڑتے ہیں جیسے کوا غلیل سے، وہ ہمارے کبوتروں کو جاسوس سمجھتے ہیں ہم ان کے جاسوسوں کو کبوتر تحقیقات جاری ہیں ابھی دیکھتے جائیں کہ ایک دن ساری ’’را‘‘ ہمارے قبضے میں ہو گی، اور مقبوضہ را کو چھڑانے کے لئے بھارت کو مقبوضہ کشمیر چھوڑنا پڑے گا، پاکستانی کبوتروں سے ڈرنے والے کیا لنکا ڈھائیں گے، حالانکہ کبوتر کمزور اور ڈرپوک سا پرندہ ہے، اگر اس سے بھی نیرندر سرکار خوفزدہ ہے، تو ہمارے شیر دلوں کا سامنا کیا مندروں کے پروہت کریں گے، ہم جنگ نہیں چاہتے یہ اچھی چیز نہیں، مگر تیر چلے پر ہے بھارت نے شرارت کی تو کبوتر کی طرح زمین پر تڑپے گا، بہتر ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی بات پر دھیان دیا جائے کہ اگر بھارت مذاکرات کرنے میں سنجیدہ ہے تو ہم تیار ہیں، جنگ کا ارادہ نہ رکھنے کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے، بھارت کو بہت سا مالی فائدہ ہو گا اگر وہ اپنا تمام اسلحہ او ایل ایکس پر لگا دے، تو اس آمدنی سے بھوک ننگ افلاس جو کئی بھارتی علاقو ںمیں موت کا رقص کر رہی ہے، مٹ جائے گی، ورنہ 153 کبوتروں کو پاکستانی جاسوس سمجھ کر ان پر تحقیقات عالمی برادری کو بھارت کی دیوانگی کا یقین دلانے کے لئے کافی ہے۔
٭٭٭٭
تیرا میرا نت دا پیار!
....Oسعید غنی (پی پی) عمران اپنی لڑائی نواز شریف تک رکھیں ،
ایک ہی بات ہے، فکر نہ کریں۔
....Oامریکہ:پاکستان دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پر محفوظ ٹھکانے نہ بنانے دے،
پاکستان آپ کو یہ سہولت نہیں دے سکتا، اس لئے ڈو مور کی ڈور اب چھوڑ دیں اس سے گلا کٹ جاتا ہے۔
....Oعمران خان:نواز شریف تلاشی دینگے یا استعفیٰ؟
کیا خان صاحب چونگی محرر لگ گئے ہیں؟
....Oبل گیٹس:شارک مچھلیوں سے نہیں مچھر سے ڈر لگتا ہے،
مچھر کوئی استعارہ تو نہیں؟
....Oشیخ رشید:شریف برادران نے ملک تباہ کر دیا۔
آپ تو ابھی پوری طرح سلامت ہیں یا پھر اس ملک کے نہیں!
....Oشاہ محمود قریشی:حکومت اور فوج کے تعلقات میں دوری معمولی نوعیت کی نہیں،
شاہ جی! آپ نے اپنے ترکش کا آخری تیر بھی چلا دیا؟
....Oجاوید میانداد اور شاہد آفریدی میں صلح ہو گئی،
کچھ دن خاصی شہرت ملی، ویسے کھلاڑیوں کو آپس میں اتفاق و اتحاد رکھنا چاہئے، اور ہم جملہ اہل وطن سے کہتے ہیں کہ کوئی ایسی بات نہ کریں کہ دشمن ہم پر ہنسے، ضروری نہیں کہ میڈیا کو بتا کر لڑیں، لڑائی آف دی ریکارڈ بھی لڑی جا سکتی ہے، مصالحت نعمت ہے، زندگی ٹینشن فری کر دیتی ہے،


.
تازہ ترین