• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کا حل اتحاد اور ٹھوس حکومتی موقف اپنانے سے ہوگا، فوزیہ قصوری

مانچسٹر( غلام مصطفیٰ مغل) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ بڑوں ، نوجوانوں ، بچوں پر مظالم اور عورتوں کی جس طرح عصمت دری کی جا رہی ہے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ پاکستان میں ہر سال کشمیر ڈے منایا جاتا ہے جاندار تقریروں اور فوٹو سیشن کے بعد اگلے سال تک اس کا انتظار کیا جاتا ہے ۔ عملی طور پر ہم آج تک کوئی قدم نہیں اٹھا سکے ۔ ہمارا مذہب ہمیں امن ، بھائی چارے اخوت و محبت کا درس دیتا ہے لیکن افسوس کہ ہم کشمیر کے مسئلہ پر سیاست کے مرتکب ہیں ۔ ان خیالات کا برملا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی اہم رہنما فوزیہ قصوری نے ایسٹرین پویلین ہال میں برطانیہ کے مرکزی راہنما سابق صدر نارتھ ویسٹ سید باسط شاہ و دیگر کارکنان کی جانب سے اسلام آباد کے دھرنے کے لئے منعقد چندہ مہم کے دوران کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وادی کشمیر جنت بے نظیر ہے اس کے باسی ملنسار اور بہادر اور دوستانہ رویہ کے حامل ہیں مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہمارے اندر اتحاد و اتفاق اور حکومتی سطح پر ٹھوس موقف اپنانے سے ہے ۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف مسئلہ کشمیر کو درست انداز سےاٹھانے سے قاصر ہیں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برسلز میں یورپین پارلیمنٹ کے باہر جس مظاہرے کا اعلان کیا ہے تمام کشمیریوں کو بلا تفریق اس میں شرکت کرنی چاہیے تا کہ اقوام متحدہ ، عالمی برادری تک جاندار آواز پہنچ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے سیاسی وفاداریوں کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور تباہ و برباد ہو چکے ہیں پاکستان کے اندر معدنیات کے بے شمار ذخائر موجود ہیں لیکن عدم توجہ اور ذاتی مفادات کی وجہ سے ان کا صحیح استعمال نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف اس لئے آواز بلند کی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے پاکستان ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب گامزن ہے اسی وجہ سے چیئرمین عمران خان اٹھ کھڑے ہوئے ہیں کہ یہ لوگ اقتدار میں آکر صرف اور صرف اپنے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ وسائل کا بے دریغ استعمال کر کے لوٹ مار کرتے ہیں اور بیرون ممالک سرمایہ کاری کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک بسنے والے محبت وطن تحریک انصاف کا ساتھ دیں تا کہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے اور صرف عمران خان ہی پاکستان کی تقدیر بدلنے کی آخری امید ہیں ۔ برطانیہ کے راہنما صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ کشمیر کے اندر قتل عام ہو رہا ہے عالم اسلام نے آج تک سرد مہری کا مظاہرہ کیا ہے اور کوئی بھی کھل کر سامنے نہیں آیا ۔ پاکستان حکومت کی بیان بازی محض میڈیا کی حد تک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ملین مارچ میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو تہیہ کرلینا چاہیے کہ برطانوی پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتال کریں اور اس وقت تک وہاں سے نہ اٹھیں جب تک برطانوی وزیراعظم اپنے دفتر نہ بلائیں اور بین الاقوامی میڈیا ہمارا موقف دنیا تک نہ پہنچائے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تحریک انصاف اور میاں نواز شریف کے درمیان صرف ریت کی دیوار ہے جو ایک معمولی جھٹکے سے گر جائے گی بس عوام کا ساتھ چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس بہت چھوٹا سکینڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم اٹھ کھڑی ہو اور اپنے روشن مستقبل کے لئے اس کرپٹ مافیا سے ہمیشہ کے لئے جان چھڑائے ۔ اس تقریب کی نظامت کے فرائض چوہدری عمران نے سر انجام دئیے ۔ تلاوت کلام پاک کا شرف محمد اسلام کو نصیب ہوا جبکہ مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری بشیر احمد رٹوی ، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی میڈیا کوارڈینیٹر شہناز صدیق یارکشائیر سے آصف خان ، آصف بٹ ، ندیم بنٹی، خاتون کارکن عظمیٰ ملک ، ناصر چھپر ، شرجیل ملک ، اسلم بھٹہ، چوہدری محمد سردار، منور پہاڑی ، مشہور و معروف کارباری شخصیات افتخار مجید ، انیل مسرت نے بھی اظہار خیال کیا اور اسلام آباد دھرنے کے لئے کثیر رقم دینے کا اعلان کیا ۔ اس چندہ مہم میں بری سے عبد الحفیظ انجم ، محمد اسحاق ، نوید شاہ ، آسٹن سے راجہ عظیم ، مانچسٹر سے منور نیازی ، عالیہ صغیر ہاشمی ، فیصل محمود، یاسر خان ، یامیلا اشرف ، ایکرنگٹن اولڈہم سے افسر خان ، ملک عبدل الرحمن ، ایسٹر پویلین کے عدیم سلیم ، چوہدری محمد سردار ، چوہدری ندیم ، نعیم چوہان ، حاجی کامران اور چوہدری طارق شامل ہیں۔
تازہ ترین