• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ قائمہ کمیٹی ، پٹرولیم سیکٹر میں بے قاعدگیوں پر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل کی سب کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنونیئر سینیٹر تاج محمد آفریدی کی سربراہی میں پارلیمنٹ لاجز میں ہوا۔ اجلاس میں پیٹرولیم سیکٹر سے متعلقہ پٹیشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ سینیٹر تاج محمد آفریدی نے کہاکہ درخواست گزار نے اپنی درخواست میں جن امور کی طرف اشارہ کیا ہے ان میں ایسی بے قاعدگیوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جن کی وجہ سے پیٹرولیم کی صنعت اور خاص طور پر ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور اب ضروری ہو گیا ہے کہ پالیسیوں پر نظر ثانی کی جائے اور ایسا شفاف نظام وضع کیا جائے جس کی وجہ سے ایک مثبت کاروباری ماحول پیدا ہو، تمام سٹیک ہولڈرز اپنے سرمائے کو محفوظ سمجھیں اور کسی بھی شعبے کا استحصال نہ ہو۔ کمیٹی نے نپیرا، اوگرا، اور دیگر متعلقہ اداروں کے نقطہ نظر کو  سنا۔ اور پٹیشنر ز کو بھی اپنا موقف پیش کرنے کا پورا پورا موقع دیا گیا ۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مسائل کی اہمیت کے پیش نظر ضروری ہے کہ جن نقاط کی نشاندہی کی گئی ہے اس پرتفصیلی طور سے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے جواب طلب کیا جائے اور متعلقہ ادارے بھی کمیٹی کو اپنے نقطئہ نظر سے آگاہ کریں۔کنونیئر کمیٹی سینیٹر تاج محمد آفریدی نے کہا کہ ہمارا مقصد نظام کی خرابیوں کو دور کرنا ہے ۔ اور ان خرابیوں کو ہر قیمت پر دور کر کے رہیں گے ۔ کمیٹی نے تمام نقاط پر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی اور فیصلہ کیا کہ اگلے اجلاس میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائیگی ۔ اجلاس میں سینیٹرز باز محمد خان ، میر محمد یوسف بادینی ، وزارت پیٹرولیم ، اوگرا ، نیپرا اور دیگر اداروں کے سربراہان  نےشرکت کی ۔ 
تازہ ترین