• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ون ڈے: کوہلی کے ناقابل شکست 154رنز، بھارت سرخرو

موہالی ( جنگ نیوز) ویرات کوہلی نے شاندار فتح گر سنچری بنا کر بھارت کو تیسرے ون ڈے میں سرخرو کردیا۔ ہوم سائیڈ نے میچ سات وکٹ سے جیت کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔ موہالی میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 285 رنز اسکور کیے۔کیویز اوپنرز نے چھ اوور ز میں 46رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ مارٹن گپٹل 27 ، کپتان کین ولیمسن 22 ، روس ٹیلر 44 ، ،کورے اینڈرسن 6 ، ٹم ساؤتھی 13 اور ٹام لیتھم 61رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔جیمز نیشام نے 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کو 285 کے اسکور تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔ میٹ ہنری 39 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ امیش یادیواور کیدار جادیو نے 3،3 جبکہ بمرا اور امیت مشرا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا ۔ اجنکیا رہانے پانچ اور روہت شرما 13 رنز بنا کر 41کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ویرات کوہلی اور کپتان دھونی نے151 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچادیا۔ دھونی 6چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی نے کیریئر کی 26 ویں سنچری مکمل کی، انہوں نے منیش پانڈے کے ساتھ چوتھی وکٹ میں ناقابل شکست 97 رنز کی شراکت قائم کی۔ بھارت نے ہدف 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ کوہلی154 اور پانڈے28 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ کوہلی کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تازہ ترین