• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری قوم میں اتحاد نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، سردار ساجد امتیاز

برسلز (نمائندہ جنگ) برسلز کے معروف چارٹرڈ اکائونٹنٹ اور ممتاز سیاسی، سماجی رہنما سردار ساجد امتیاز نے ’’جنگ‘‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم نے غلامی کی دیواروں میں آنکھ کھولی اور آزادی کے حصول اور حق خودارادیت کے لئے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کئے تاکہ علیحدہ وطن کے تشخص کو برقرار رکھ کر آزادی کے مشن کو زندہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز میں کشمیر کی آزادی کے حصول کے لئے درجنوں تنظیمیں بنائی جا چکی ہیں مگر کشمیری قوم کے میں اتحاد نام کی کوئی بھی چیز نظر نہیں آئی بلکہ ایک دوسرے کو برداشت تک کرنے کا جذبہ موجود نہیں ہے اور اپنی پنی تنظیم بنا کر اس خام خیالی کا شکار ہیں کہ کشمیر خود بخود آزاد ہو جائے جب کہ میڈیا پر مقبوضہ وادی میں جاری تشدد کی لہر اور شہید ہونے والے کشمیریوں پر پروگرام کرکے لوگوں کے ساتھ سیاست چمکانے کا رواج ہے۔ سردار ساجد امتیاز نے کہا کہ میں یورپ میں مقیم کشمیریوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی یورپ کی کئی سالہ زندگیوں میں کشمیر کے لئے کوئی بھی ایسے کارہائے سرانجام نہیں دے سکے جس سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بندوق کے زور پر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبائے بیٹھا ہے۔ اسے کشمیریوں کو ہرقیمت پر آزاد کرنا ہوگا۔ کیونکہ آزادی کی اس جنگ کو کشمیری قوم نے اپنے خون کے ساتھ زندہ رکھا ہوا ہے۔ ہندوستان چاہے جتنے مرضی مظالم ڈھائے یہ جنگ آزادی کے بعد ہی ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے کشمیر ملازمین کی تنخوائیں روک کر ان کا اب معاشی قتل بھی کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ کشمیر بلک بلک کر مر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جہاں جہاں کشمیری آباد ہیں وہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں تاکہ مستقبل کے معمار کشمیر کی آزادی کا بہتر طور پر فیصلہ کر سکیں نہ کہ ہماری طرح آزادی کے نام پر سیکڑوں تنظیمیں بنا کر یورپ بھر میں تماشے کا سبب بنیں۔ آخر میں انہوں نے تمام کشمیری تنظیموں کے لیڈران کو بھی تاکید کی کہ خدارا ذاتی شہرت اور تنظیموں پر کاروبار چمکانے کی بجائے اپنے اندر اتفاق و اتحاد، یگانگت اور بھائی چارے کی مثال پیدا کریں۔
تازہ ترین