• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی دولت لوٹنے والے تمام افراد کا احتساب کیا جائے، میاں سعید پرویز

برسلز (عظیم ڈار) مسلم لیگ (ن) بلجیم کے نائب صدر میاں سعید پرویز نے کہا ہے کہ حکومت کو دھرنوں اور ہڑتالوں کی دھمکیاں دینے اور میاں نوازشریف پر الزامات کی بوچھاڑ کرنے والے احتساب کی بات کررہے ہیں۔ وہ ان لوگوں کو بھول گئے ہیں جنہوں نے بینکوں سے قرضے معاف کرائے اور جنہوں نے قومی دولت کو ہڑپ کرلیا،پہلے ان86بڑے مگرمچھوں کا احتساب کیا جائے جنہوں نے ملک کے اربوں روپے کے قرضے معاف کراکر اپنی تجوریاں بھریں، میاں سعید پرویز نے کہا کہ عمران خان اور ان کے لوگوں نے سیاست کو کرکٹ کا میدان سمجھ کر پاکستانی عوام کے ساتھ مذاق بنایا ہوا ہے وہ پہلے سیاست کے سبق سیکھیں کہ کس طرح عوام کی خدمت کی جاتی ہے۔ انہیں صرف میاں نوازشریف پر کیچڑ اچھال کر سیاست کرنے پر معمور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بینک یا ادارہ اگر کسی غریب شخص کو قرضہ دے اور اس کی جانب سے قسط میں تاخیر کی وجہ سے یا تو اس کے گھر کی نیلامی کردی جاتی ہے یا اس پر مقدمہ درج کرکے اسے سلاخوں کے پیچھے قید کردیا جاتا ہے جب کہ بڑے بڑے سیاسی رہنما اور کاروباری افراد کو کروڑوں کے قرضے دے کر انہیںVIPپروٹوکول دیا جاتا ہے اور ایسے حالات میں قانون کی دھجیاں بکھیرنے والے کرپشن کے کنویں کھود کر عوام کے لیے اور ملک کے لیے بے شمار مسائل پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کرپٹ لوگوں کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر جا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ عدالت کے فیصلے کا انتظار کرے اور اس کے بعد کوئی قدم اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں عوام کو بے وقوف بناکر حکومت کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے تاکہ حکومتی کاموں میں مسائل پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں۔
تازہ ترین